جامعہ چترال نے ایم اے سال 2018کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل) یونیورسٹی آف چترال نے مختلف مضامین میں پرائیویٹ ایم اے کے نتائج کا اعلان کردیاہے۔ کنٹرولرامتحانات ڈاکٹر عتیق احمد طارق کے دفترسے جاری اعلامیے کے مطابق جامعہ چترال نے ایم اے عربی، اکنامکس، انگلش، ہسٹری، اسلامیات، انٹر نیشنل ریلیشنز، پولیٹیکل سائنس اور اردو کے سال اول کے امتحانات کا انعقاد کیاتھا جوکہ چار سے بارہ ستمبر2018تک جاری رہے تھے۔ جس میں مجموعی طورپر 417طلبہ نے حصہ لیاجن میں سے 238کامیاب قرار پائے یوں کامیابی کا تناسب 57 فیصد رہا۔اس سے پہلے جمعہ 28دسمبر کو جامعہ کے شعبہء امتحانات میں ایک سادہ اور پروقار تقریب میں نتائج کا اعلان کیاگیا جس کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے پراجیکٹ ڈائیریکٹر ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری تھے۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر بخاری نے انتہائی کم وسائل کے ساتھ قلیل مدت میں نتائج مرتب کرنے پر شعبہء امتحانات کے عملے کی کارکردگی کو سراہا۔تقریب میں کنٹرولرامتحانات کے علاوہ، گورنمنٹ کالج بونی کے پرنسپل مراد علی، جامعہ چترال کے ڈائیریکٹرایکیڈمکس ڈاکٹر ضیاء الحق اور سیکریسی سیکشن کے انچارج محمداسلم عباس بھی موجود تھے۔مذکورہ نتائج جامعہ کے چترال کے ویب سائٹ https://uoch.edu.pk/index.php/examinations/results/ پر دیکھے جاسکتے ہیں۔