عبداللطیف اور اسرار صبور کا ایم ایم اے کی کامیابی پر مبارک بادکے ساتھ پی ٹی آئی کے 40ہزار ووٹروں کا فرداً فرداً شکریہ ادا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل)پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے گزشتہ عام انتخابات میں این اے۔1چترال کا امیدوار اور ضلعی صدر عبداللطیف اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار سرار الدین اور ضلعی جنرل سیکرٹری اسرا رالدین نے ایم ایم اے کی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے ایم این اے مولانا عبدالاکبر چترالی اور ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کو ان کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی پی ٹی آئی کے 40ہزار ووٹروں کا بھی فرداً فرداً شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے انہوں نے ہر قسم کی نسلی، علاقائی اور مسلکی تعصبات سے بالا تر ہوکر چترال اور پاکستان کی ترقی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے حق میں اپنا ووٹ کا استعمال کیا۔ جمعہ کے روز چترال پریس کلب میں پارٹی کے دیگر عہدیداروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ الیکشن میں ان کے سپورٹروں یقیناایک نیا پاکستان بنانے میں کامیاب ہوچکے ہیں جس کے لئے آئندہ نسل ان پر فخر کریں گے۔ انہوں نے پارٹی ورکروں اور خصوصاً نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نئے پاکستان کا خواب دیکھااوراسے شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے دن رات محنت کی۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے اپنے ووٹروں سے وعدہ کیا کہ چترال کی ترقی کے لئے جو ایجنڈا انہوں نے عوام کے سامنے پیش کیا تھا، اس کی تکمیل کے لئے وہ اپنی ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ الیکشن میں قومی اور صوبائی اسمبلی دونوں میں دوسرے نمبر پر آنے والے پی ٹی آئی امیدواروں اور عہدیداروں نے کہاکہ انہوں نے چترال کے عوام کو بار بار یاد دلائی تھی کہ مرکز اور صوبے میں پی ٹی آئی کی سونامی آنے والی ہے اس لئے چترال سے بھی اس پارٹی سے نمائندے اسمبلیوں میں بھیج دئیے جائیں لیکن انہوں نے ان کی بات پر توجہ نہیں دی اور ہمیشہ کی طرح اپوزیشن بینچوں میں بیٹھنے کے لئے نمائندے بھیج دئیے جس کا خمیازہ بھی انہیں آنے والے پانچ سال تک بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ بعض لوگ کروڑوں روپے بھی الیکشن میں استعمال کرکے ناکامی کا منہ دیکھ لیا لیکن پی ٹی آئی کے ٹائیگروں نے بے لوث کام کیا جس کے لئے وہ ان پر فخر کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے کہاکہ وہ چترال کی تعمیر وترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔