آئندہ سال شندور فیسٹول کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار۔ سیکرٹری محکمہ سیاحت خیبر پختونخواہ محمد طارق

Print Friendly, PDF & Email

(چترال میل رپورٹ) سیکرٹری محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا محمد طار ق نے آئندہ سال شندور فیسٹول کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے بلند ترین مقام شندور میں کھیلے جانے والا پولو کھیل بین الا قوامی سطح پر منفرد مقام رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تین روزہ شندور میلے کی رنگا رنگ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شندور میلے کیلئے ہر قسم کی سہولیات فراہم کرکے آنے والے سالوں میں اس کھیل کو مزید وسعت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ شندور فیسٹول میں ہر سال ملکی سیاح کے علاوہ بین الا قوامی سیاح بھی بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں اور میلے کے آخری دن چترال اے اور گلگت بلتستان اے کے درمیان دلچسپ مقابلہ کھیلا گیاجس میں دفاعی چیمپین چترال اے کی ٹیم نے روایتی حریف گلگت بلتستان کی ٹیم کو شکست سے دو چار کیا۔ چترال اے کی ٹیم نے 10 گول کئے جسکے مقابلے میں گلگت بلتستان کی ٹیم 5 گول کر سکی۔ تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی نارتھ فرئنٹیئر کو وسیم اشرف نے فاتح ٹیم کو نقد انعام اور ٹرفی پیش کیں۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ شندور میلے میں سیاحوں کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی گواہی ہے کہ ملک میں امن لوٹ آیا ہے۔ میلے کے کامیاب انعقاد پر سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کا دشوار گزارراستوں سے شندور گزر کرس پہنچنا میلے کی کامیابی کا ثبوت ہے۔