پاکستان زندہ باد موومنٹ کے زیر اہتمام چترال پولو گراؤنڈ میں جمعہ کے روز جلسہ منعقد کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین ) پاکستان زندہ باد موومنٹ کے زیر اہتمام چترال پولو گراؤنڈ میں جمعہ کے روز جلسہ منعقد کیا گیا۔ جس میں مختلف سیاسی قائدین، بلدیاتی نمایندگان اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم چترال حاجی مغفرت شاہ نے کہا۔ کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آنے والا پہلا مسلم ملک ہے۔ لیکن افسوس کا مقام ہے۔ کہ یہاں اسلامی نظام کے نفاذ کی راہ ہموار نہیں کی گئی۔ اور اسلام سے روگردانی کی وجہ سے آج ہماری عبادت گاہیں، تعلیمی ادارے،ہسپتال سے لے کر گھر تک محفوظ نہیں ہیں۔ دشمنان پاکستان مختلف طریقوں سے اسے کمزور کرنے اور لوگوں کو آپس میں لڑانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ جس سے ہمیں آگاہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا۔ کہ جب تک یہاں جمہوری اقدار کا تحفظ نہیں ہو گا۔ یہ ملک ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا۔ کہ یہ بہت افسوس کا مقام ہے۔ کہ آج پاکستان کا ہر بچہ ڈیڑھ لاکھ روپے قر ض کا بوجھ لئے دُنیا میں پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ 70سالوں سے جو لوگ ملک کو چلا رہے ہیں۔ اُن کی حکمرانی کا کوئی مثبت پہلو آج تک عوام نے نہیں دیکھا۔ آج وقت آگیا ہے۔ کہ ہم واشنگٹن و دیگر ممالک کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنا رُخ اللہ اور اُس کے رسول کی طرف کریں۔ صدر اے این پی عیدالحسین،جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی محمد حکیم ایڈوکیٹ، پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کے صدر آفتاب ایم طاہر، مولانا اسرار الدین الہلال، بریگیڈیر خوش محمد، جے آئی یوتھ کے صدر وجیہ الدین،پی وائی او کے صدر وسیم سجاد، قاری جمال عبد الناصر نے خطاب کرے ہوئے کہا۔ کہ پاکستان اپنے جغرافیائی اہمیت اور جوہری طاقت ہونے کی وجہ سے اپنے دُشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے۔ اس لئے ملک میں انتشار پیدا کرنے کیلئے مختلف قسم کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ اس ملک میں جب تک انتہا پسندی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ استحکام ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ پاک فوج نے ملک میں امن کے قیام کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ضرب عضب سے لے کر رد الفساد تک ملک میں دہشت گردی کا قلع قمع کی کوششوں کی ایک طویل داستان ہے۔ انہوں نے کہا۔ دہشت گردی کے خاتمے اور بیرونی دُشمنوں کا مقابلہ کرنے کیلئے چترال کا ہر بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ قربانیاں دینے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ پاکستان کے اندر انتشار پھیلانے کیلئے پختون۔ پنجابی، سندھی اور بلوچی کی آوازیں لگائی جا رہی ہیں۔ تاہم پاکستان کے غیور عوام ان تما م باتوں کو پس پُشت ڈال کر پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے نیچے متحد ہو کر دُشمنوں کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا۔ کہ پاکستان کے خلاف بین الاقوامی سطح پر سازشیں ہو رہی ہیں۔ اور پاکستان کو آگ اور خون میں جونکنے کیلئے دُشمنان پاکستان تیار بیٹھے ہیں۔ اس لئے وقت کا تقاضا ہے۔ کہ ملک کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔ اس موقع پر سنئیر صحافی جہانگیر جگر نے چترال پریس کلب کی نمایندگی کرتے ہوئے خطاب کیا۔ اور پاک فوج و پاکستان کے نام پر لکھا گیا نظم پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔