قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے انرجی کا ایک غیر معمولی اجلاس واپڈا کالونی کوغذی میں منعقد ہوا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے انرجی کا ایک غیر معمولی اجلاس واپڈا کالونی کوغذی میں منعقد ہوا۔ جس میں ایم این اے شیر اکبر، ایم این اے جنید اور ایم این ے شہزادہ افتخار الدین کے علاوہ پیڈو، پیسکو کے ہیڈ،پی ڈی گولین گول ہائیڈل، جی ایم واپڈا نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت چترال سے رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین نے کی۔ اجلاس میں اس امر کا اظہار کیا گیا۔ کہ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی 10جنوری کو چترال کا دورہ کریں گے۔ اور گولین ہائیڈل کا افتتاح کریں گے۔ اس سے پہلے چترال میں بجلی کے حوالے سے معاملات طے کئے جانے چاہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ کہ پیسکو اور پیڈو چترال کے اند ر موجود لائنوں کی بحالی، فالٹ دور کرنے کے حوالے سے معاہدہ کریں گے، اور افتتاح سے پہلے تمام مسائل حل کریں گے۔ تاکہ بعد میں مسائل پیدا نہ ہونے پائیں۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ کہ گولین ہائیڈل کی بجلی اپر چترال اور لوئیر چترال دونوں کو سپلائی کی جائے گی۔ اور فی الحال ضرورت کے مطابق بجلی کی ترسیل کو ممکن بنایا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ کہ گولین ہائیڈل کا میگا پراجیکٹ مکمل ہو گیا ہے۔ اور 30دسمبر سے اس کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا۔ کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے اعلان کے مطابق 30 میگاواٹ بجلی چترال کو فراہم کی جائے گی۔