چترال ( نما یندہ چترال میل ) ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منانے کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودھر کے زیر صدارت اجلاس میں تمام تیاریوں کا جائز ہ لیا گیا جس میں ضلعے کے تمام چوبیس یونین کونسلوں میں بیک وقت مہم چلائی جائے گی جس کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو ٹیکہ جات کا کورس مکمل کرنا، دو سے پانچ سال کے عمر کے بچوں کو کیڑا مار ادویات پلانا، حاملہ خواتین کو تشنج سے بچاؤ کا ٹیکہ لگانا اور صحت کے اصولوں کے بارے میں عا م لوگوں میں آگہی پیدا کرنا ہے۔ اس موقع پرقائمقام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر رحمن افریدی، کوارڈینٹر فیملی ہیلتھ پروگرام ڈاکٹر فیاض رومی، ڈسٹرکٹ چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر گلزار احمد اور ضلعی خطیب مولانا فضل مولیٰ اور دوسروں نے ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ عام لوگوں میں صحت اور حفظان صحت سے متعلق آگہی پھیلاناان کی شعور کی بیداری کا ذریعہ بنے گی جوکہ مجموعی طور پر صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ممد ومعاون ثابت ہوگی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سودھر نے کہاکہ اس مہم کی کامیابی کو ہر صورت میں ممکن بنائی جائے جس کے لئے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی جبکہ کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔
چترال (نما یندہ چترال میل)و یلج کونسل موری میں جنرل کونسلر کے امیدوار نبی احمد خان نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے منعقد ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج پر سخت تحفظات رکھنے اور دھاندلی کے واضح ثبوت کی دستیابی کے باوجود انہوں نے جمہوریت کو پٹڑی سے اترنے سے بچانے کی خاطر نتائج کو تسلیم کیا ہے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اس الیکشن میں پولنگ اسٹاف سے لے کر سیکورٹی کے لئے پولیس کی نفری تک مقامی افراد کو لگائے گئے تھے جنہوں نے دھاندلی رچاکر ان کے مخالف امیدوار کو جتوانے اور نتائج کو بدلنے میں کردار ادا کیا۔ا نہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ کے لئے کسی بھی الیکشن میں مقامی افراد کو کسی بھی طرح مقامی پولنگ اسٹیشنوں میں ڈیوٹی تفویض نہ کئے جائیں۔