اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سونے سے پہلے گیس ہیٹر بند کردیں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔ سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث ہیٹرز کا استعمال بڑھ چکا ہے اور زیادہ تر لوگ اس حوالے سے ضروری احتیاط نہیں برتتے۔
ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق معروف معالج ڈاکٹر اشرف درانی نے کہا ہے کہ لوگوں کو چاہیے کہ سونے سے پہلے گیس کے ہیٹرز کو مکمل اور احتیاط کے ساتھ بند کریں تاکہ گیس کے لیکج کے باعث ہونے والے حادثات سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ سردیوں کے دوران بہت سے لوگ کمروںکو بند کرکے گیس ہیٹر استعمال کرتے ہیں جس کے نتیجہ میں گیس کے اخراج اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے اموات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مختلف طبی پیچیدگیوں سے بچنے کے لئے گیس ہیٹرز یا گرم ہوا کے بلورز کا استعمال احتیاط سے کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہیٹروں کے استعمال کی وجہ سے آکسیجن اور نمی میں کمی کے باعث جلد کی خشکی کے ساتھ ساتھ بعض اوقات آنکھوں اور دل کی بیماریوں کی شرح بھی بڑھ جاتی ہے۔ ایک اور طبی معالج عائشہ مصدق نے کہاکہ سردی کی شدت میں اضافہ کی وجہ سے زیادہ تر لوگ اپنے کمروں کی کھڑکیوں اور دروازوں کو بند کرکے ہیٹر استعمال کرتے ہیں جو انسانی صحت کے لئے نقصان دہ ہیں۔
سینئر فزیشن احمد جاوید نے اس حوالے سے کہاکہ ہیٹروں کے استعمال کی وجہ سے بند کمروں میں کاربن مونو آکسائیڈ کی زیادتی کی وجہ سے دل کے مختلف امراض بھی پیداہو سکتے ہیں جبکہ اس طرح کے کمروں میں سگریٹ نوشی سے بچے اور بزرگ افراد بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ ماہرین صحت نے کہا ہے کہ اس حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرکے مختلف حادثات اور اموات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔