لوکل ٹیچرز ایسوسی ایشن بمبوریت کے اساتذہ نے طیارہ حادثے کے شہدا کی یاد میں ا یک تعزیتی ریفرنس بمبوریت کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) لوکل ٹیچرز ایسوسی ایشن بمبوریت کے اساتذہ نے طیارہ حادثے کے شہدا کی یاد میں ا یک تعزیتی ریفرنس بمبوریت کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کیا۔ جس میں بڑی تعداد میں علاقائی عمائدین، مسلم اور اقلیتی نمایندگان اور اساتذہ و طلباء نے شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیچر مطیع الرحمن، زاہد عالم اور ممتاز کالاش رہنما وزیر زادہ نے کہا۔ کہ یہ طیارہ حادثہ چترال کی تاریخ کا ناقابل فراموش واقعہ ہے۔ جس نے چترال پر بہت گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔ اور ہر کوئی اس غم میں مبتلا ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ اس حادثے نے چترال کے کئی خاندانوں کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔ اور وہ بکھر کر رہ گئے ہیں۔ اپنے عزیزوں کے اس اندوہناک حادثے میں ہلاکت کے کوفت سے ابھی تک آزاد نہیں ہوئے ہیں۔ اور نہ اس غم کو بھلانا اُن کے بس کی بات ہے۔ انہوں نے سابق ڈپٹی کمشنر چترال اُسامہ احمد وڑائچ، ممتاز مبلغ جنید جمشید، چترال کے دیگر شہداکے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اور کہا۔ کہ وہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مقررین نے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دُعا کی اور متاثرہ خاندانوں سے ہر طرح کی ہمدردی کا اظہار کیا۔ قبل ازین لوکل ٹیچر ایسوسی ایشن نے علاقے میں تعلیم کے فروغ، نوجوانوں کو ایک بہتر ماحول فراہم کرنے اور علم و ادب کی آبیاری سے متعلق ایک غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا۔ کہ کالاش ویلی بمبوریت میں ایک تعلیمی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ جس میں اعلی حکومتی شخصیات اور علم و ادب سے دلچسپی رکھنے والے شخصیات کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اقلیتی رہنما وزیر زادہ نے تعلیمی کانفرنس کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کی۔ انہوں نے کالاش اور مسلم اساتذہ کے باہمی بھائی چارے کو مثالی قرار دیا۔ اور اس پلیٹ فارم سے طلباء کے شاندار مستقبل کیلئے اقدامات کی تعریف کی۔