امامت کی ڈائمنڈ جوبلی کی مناسبت سے اپنے پیرو کاروں کو دیدار دینے کیلئے اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان ہفتے کے روز چترال پہنچیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) امامت کی ڈائمنڈ جوبلی کی مناسبت سے اپنے پیرو کاروں کو دیدار دینے کیلئے اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان ہفتے کے روز چترال پہنچیں گے۔ چترال میں اُن کے پیروکاروں کی طرف سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی کیلئے بھی سخت ترین انتظامات مکمل ہیں۔ جس میں چترال سکاؤٹس، چترال پولیس،چترال لیویز کے دستے اور اسماعیلی کمیونٹی کے ہزاروں رضاکار شامل ہیں۔ ہز ہائی نس کے دیدار کیلئے اپر چترال کے مقام بونی اور لوئر چترال کے مقام گرم چشمہ میں دیدار گاہ تعمیر کئے گئے ہیں۔ جس میں عارضی قیام کیلئے رہائش گاہ کی تزین و آرائش بھی مکمل ہوچکے ہیں۔ ہز ہائی نس اپنے عارضی رہائش گاہ میں کمیونٹی کے ذمہ داروں سے میٹنگ بھی کریں گے۔ اور دیدار دینے کے بعد خصوصی فرمان جاری کریں گے۔ پرنس کریم آغاخان کی طرف سے چترال کی تعمیرو ترقی کے حوالے سے اہم فیصلے کی توقع کی جارہی ہے۔ دونوں مقامات میں زائرین کی میزبانی کیلئے مقامی دیہات کو میزبانی کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ جن میں قیام و طعام شامل ہیں۔ چترال کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں سے اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھنے والے مردو خواتین اور بچے چترال پہنچ چکے ہیں۔ زائرین کی رجسٹریشن پہلے کی جا چکی ہے۔ اور ہر فیملی کیلئے خصوصی کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ جس کے بغیر کوئی بھی فرد دیدارگاہ میں داخل نہیں ہو سکتا۔ دیدارگاہ میں داخل ہونے کیلئے کئی گیٹ قائم کئے گئے ہیں۔ ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان چترال پہنچنے کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر پہلے بونی اُس کے بعد گرم چشمہ جائیں گے۔ چترال ائر پورٹ پر انتہائی مختصر میٹنگ بھی متوقع ہے۔