پولیس اور فوج کے مشترکہ بروقت ایکشن سے صوبہ بڑی تباہی سے بچ گیا۔ شاہ فرمان ًصوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ کی دہشت گردوں کے حملہ کی شدید مذمت، شہداء کی لواحقین سے اظہارتعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نما یندہ چترال میل)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے نظامت اعلیٰ شعبہ زراعت پشاور میں دہشت گردوں کے حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ایک بڑی تباہی کے مذموم ارادے کے ساتھ حملہ آور ہوئے تھے لیکن پولیس کی فوری اور بروقت ایکشن کی وجہ سے صوبہ ایک بڑی تباہی سے بچ گیا۔ پولیس اور فوج نے مشترکہ کامیاب آپریشن کیا اور دہشت گردوں کو ایک جگہ محصور کرکے طلبہ کو ریسکیوکرنے کے بعد انسانیت کے دشمنوں کو واصل جہنم کیا۔ یہاں سے جاری مذمتی بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے حملہ کے نتیجہ میں شہادتوں پر دلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم باالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام پر عزم ہیں، دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیوں سے ایک بار پھر صوبے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ شاہ فرمان نے کا مزید کہنا تھا کہ بھاری اسلحہ اور خودکش جیکٹوں سے لیس دہشت گردوں کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کرنے پر پولیس اہلکاروں اور فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صوبہ میں حالیہ دہشت گردی کے تناظر اور عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے پشاور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات غیر معمولی تھے اس لئے پولیس نے دہشتگردانہ حملہ کے خلاف بروقت اورفوری ایکشن لیا۔ شاہ فرمان نے کہا کہ حملہ کے زخمیوں کو پشاور کے ہسپتالوں میں بہترین طبی امداد فراہم کی جار ہی ہیں انہوں نے اللہ تعالیٰ سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔