تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پولیو مہم کے دوران ہر علاقے تک رسائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ محمد اعظم خان

Print Friendly, PDF & Email

(چترال میل رپورٹ)چیف سیکرٹری، خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبے سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات اور جاری طریقہ کار کو مزید بہتر اور با مقصدبنانے کیلئے تمام تجربات اور روایتی و جدید ذرائع کو بروئے کار لانے اور ایک دوسرے کے ساتھ ان کے تبادلے کے عمل کو بروقت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔جسکا مقصد پولیوں مہم کے دوران ہر علاقے تک رسائی کویقینی بنانے کے ساتھ اور انکاری والدین کی تعداد کو صفر پر لانا ہے۔وہ کیبنٹ روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جسمیں سیکرٹری ہیلتھ محمد عابد مجیدسمیت صوبہ بھر کے کمشنروں، ڈپٹی کمشنروں اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کو پولیو کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے صوبائی کو آرڈینیٹر عاطف الرحمان نے تفصیلی بریفنگ دی اور اس سلسلے میں مختلف امور پر سیرحاصل بحث ہوئی۔صوبہ بھر میں مختلف مقامات پر پولیو کے خاتمے کیلئے جاری مہمات کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور بعض مقامات پر 100 فیصد سے کم نتائج پر بھی تفصیلی بحث ہوئی اور ان پر قابو پانے کیلئے مختلف تجاویز کی بنیاد پر عملی اقدامات اُٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔چیف سیکرٹری نے اس بات کی نشاندہی کی کہ صوبہ بھر میں اکثر مقامات پر متعلقہ ذمہ داروں کے مابین مطلوبہ اہداف کے حصول کی خاطر روابط کو مزید مربوط بنانے کی ضرورت ہے جس کے لئے مسلسل جدوجہد ہونی چاہیئے تا کہ مختلف مقامات پر پیش آنے والے مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات اور مقامی حکمت عملی سے استفادہ ہو۔ چیف سیکرٹری نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پولیو مہم کے دوران ہر علاقے تک رسائی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور ایمر جنسی اپریشن سنٹراور ضلعی انتظامیہ کے مابین مربوط روابط اور ابلاغ کی ضرورت پر بھی زور دی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختون خوا نے نقل مکانی کرنے والے افراد کے بچوں تک رسائی ممکن بنانے اور بین الاضلاعی، بین الصوبائی اور بعض بین الاقوامی آمدو رفت کے مقامات پر نگرانی اور پولیوں ٹیموں کی ہر وقت موجودگی کیلئے اقدامات کو مزید مستحکم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔