چترال پولیس نے ڈھائی ماہ پہلے دروش سے اغواشدہ لڑکی کو ایبٹ آباد سے برامد کرکے اغوا کار علی رضا ولد مشتاق احمد سمیت دروش واپس پہنچادیا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) چترال پولیس نے ڈھائی ماہ پہلے دروش سے اغواشدہ لڑکی کو ایبٹ آباد سے برامد کرکے اغوا کار علی رضا ولد مشتاق احمد سمیت دروش واپس پہنچادیا جوکہ کوٹلی آزاد کشمیر کا رہائشی بتایاجاتا ہے۔ دروش تھانے کے ایس ایچ او بلبل حسن نے بتایاکہ اس سال 8ستمبر کو ملزم علی رضا آزاد کشمیرسے دروش آکر عائشہ گل نامی شادی شدہ کو بہلا پھسلا کر اس بہانے اپنے ساتھ پشاور لے جانے میں کامیاب ہوگئے کہ وہ ان کے شوہر امیر نواز کا قریبی دوست ہے جوکہ سعودی عرب میں محنت مزدوری کے لئے مقیم ہے اور ان کے شوہر کے ہی پاس لے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پشاور جانے کے بعد ہی ملزم کا بھید کھل گیا اوروہ انہیں راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں محبوس رکھااور آخر کار ایبٹ آباد کے قریب نواں شہر میں واقع ایک مکان میں منتقل ہوئے جہاں سے ان کی جائے رہائش کے بارے میں ٹیکنیکی طور پر معلومات اکھٹا ہونا شروع ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ جب پولیس میں شادی شدہ لڑکی کے اغواء ہونے کی رپورٹ درج ہوئی تو ڈی پی او چترال سید علی اکبر شاہ اور ایس ڈی پی او اقبال کریم نے اس کیس کو جلد ازجلدٹریس کرنے کے لئے انہیں ٹاسک دے دی اور انہیں ہرممکن مدد فراہم کی جس کے نتیجے میں جدید سائنسی خطوط پر خالصتاً ٹیکنیکل بنیاد وں پر تفتیش کرتے ہوئے ملزم کے ٹھکانے کا پتہ لگانے اور ان کی گرفتاری میں کامیاب ہوگئے۔انہوں نے کہاکہ ملزم اور مغویہ کو مقامی عدالت میں پیش کردیا گیا جس میں ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے اور ملزم سے مزید انکشافات متوقع ہیں جوکہ پیشہ ور گروہ کا کارکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ لڑکی کو عدالت کے حکم پر ان کے والدین کے حوالے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملزم نے ایک سال قبل لڑکی کے ساتھ فیس بک پر دوستی کا آغاز کیا تھا اور اپنے آپ کو ان کے شوہر کا دوست ہی ظاہرکرتا تھا۔