چترال چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ایون تجار یونین کے عہدہ داروں کی حلف برداری اور بمبوریت میں ہوٹل ایسو سی ایشن اور کاروباری خواتین کے ساتھ اجلاس منعقد ہوئے۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) چترال چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام ایون تجار یونین کے عہدہ داروں کی حلف برداری اور بمبوریت میں ہوٹل ایسو سی ایشن اور کاروباری خواتین کے ساتھ اجلاس منعقد ہوئے۔ جس میں ممتاز صنعت کار، ورلڈ اسلامک چیمبر کے وائس پریزیڈنٹ سنیٹر حاجی غلام علی، چیرمین سٹینڈنگ کمیٹی سرحد چیمبر ریاض خٹک، سابق صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس حاجی فضل الہی، کو آرڈنیٹر سمیڈا فضل حسین، صدر فاٹا چیمبر شعیب خان، صدر چترال چیمبر آف کامرس سرتاج احمد خان، سابق صدر چیمبر چترال حاجی محمد خان اور سنئیر ممبر محمد وزیر خان موجود تھے۔ ایون میں نومنتخب تجار یونین کے عہدہ داروں کی حلف برداری کی تقریب ہوئی۔ جس میں بڑی تعداد میں تاجروں اور علاقائی عمائدین نے شرکت کی۔ سنیٹر حاجی غلام علی نے عہدہ داروں سے حلف لیا۔ اور ایون کے ممتاز کاروباری شخصیت خیر الاعظم نے اس موقع پر علاقے کے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا۔ کہ قدرت نے یونین کونسل ایون کو بے پناہ وسائل عطا کئے ہیں۔ جن میں آبی وسائل جنگلات، زراعت، معدنیات اور سیاحت کیلئے ، خوبصورت قدرتی نظارے اور قدیم تہذیبیں شامل ہیں۔ لیکن حکومتی عدم توجہی کی بنا پر ان وسائل سے تاحال کوئی فائدہ نہیں اُٹھایا جا سکا ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ علاقے میں چلغوزہ، لوبیا، اخروٹ کے کاروبارکے بے شمار مواقع ہیں۔ لیکن مقامی تاجر سرمائے کی کمی کے باعث ان سے خاطر خواہ فوائد حاصل نہیں کر پارہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا۔ کہ مقامی تاجروں کو آسان اقساط پر قرضے مہیا کئے جائیں۔ انہوں نے ایون کی بڑی آبادی اور بازار کو آگ لگنے کے حادثات کی صورت میں بروقت آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ کی فراہمی،بازار کے کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے ٹریکٹر مہیا کرنے اور بازار میں پبلک لیٹرین تعمیر کرنے کے سلسلے میں اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا۔ مہمان خصوصی حاجی غلام علی نے اپنے خطاب میں کہا۔ کہ چترال کے کاروباری دوست اپنے آپ کو جگائیں۔ سی پیک کی وجہ سے کاروبار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے لئے قبل از وقت اپنے آپ کو تیا ر کریں۔ اور اپنی یونین کو مضبوط بنائیں، چیمبر کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ انشاء اللہ ہم آپ کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں کام کریں گے۔ انہوں نے کہا۔ کہ وزیر اعلی میرے بھائی ہیں،میں ایون کی سڑک کے سلسلے میں اُن سے بات کروں گا۔ کیونکہ اسی سڑک کے ساتھ آپ کی ٹورزم کا مستقبل وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ اللہ پاک نے سرتاج احمد خان کو چترال کی ترقی کیلئے بے پناہ جذبہ اور تڑپ دی ہے۔ اور ہماری مشترکہ کوششیں تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنے میں مدد گار ہوں گے۔ صدر تجار یونین ایون بہادر حسین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ بعد آزان سنیٹر غلام علی نے ایون کے ممتاز شخصیت حاجی محمد خان کی پرائیوٹ بجلی گھر کی وزٹ کی۔ اور پرائیویٹ سیکٹر میں عوامی مفاد کیلئے کئے جانے والے اس بجلی گھر کی تعمیر کو حاجی محمد خان کا اہم کارنامہ قرار دیا۔ حاجی غلام علی نے بعد آزان بمبوریت کے مقام کراکال میں ہوٹل ایسوسی ایشن اور بزنس سے وابستہ خواتین سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا۔ کہ ہماری حکومتوں کو چاہیے۔ کہ وہ اس خوب صورت وادی کے کاروباری لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ جس میں کالاش ہنڈی کرافٹس اور ہوٹل انڈسٹری سر فہرست ہیں۔ ان شعبوں سے بے شمار لوگوں کی زندگی کا انحصار ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ وہ سیاحت کو فروغ دینے کیلئے سیاحوں کے ساتھ اخلاق اور محبت کا برتاؤ کریں۔ اور یہی اس شعبے کی کامیابی کو ترقی سے ہمکنار کر سکتی ہے۔ غلام علی نے کہا۔ کہ جو حکومت اس علاقے کے مسائل حل کرنے پر توجہ نہیں دیتی۔ اُس کے خلاف مسلم اور کالاش کمیونٹی کو کھڑا ہو کر احتجاج کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا،کالاش وہ لوگ ہیں۔ جو دُنیا کے قدیم باشندے ہونے کی وجہ سے عالمی سطح پر شہرت رکھتے ہیں۔ لیکن یہ بہت افسوس کی بات ہے۔ کہ اس کی سڑکیں کھنڈر کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ کہ نوجوان بے فائدہ کاموں میں وقت ضائع نہ کریں۔ اور اپنے مستقبل سنوارنے کیلئے وقت سے فائدہ اُٹھائیں۔ صدر چترال چیمبر آف کامرس سرتاج احمد خان نے کہا۔ کہ اس علاقے میں دہشت گردی سے زیادہ سیلاب سے نقصان پہنچ رہاہے۔ 2015کے سیلاب میں تیس ہوٹل تباہ ہوئے۔ حکومت کی طرف سے ایک پائی بھی امداد کے طور پر نہیں دی گئی۔ خدا کے فضل سے ہماری کوششوں سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے سمیڈا کے فنڈ سے چترال کو حصہ دیا ہے۔ جس کیلئے درکار دستاویزات تیار کرکے متاثرین اپنے کاروبار دوبارہ بحال کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ اس علاقے میں فروٹ اور دیگر چیزوں کے کارخانے لگائے جا سکتے ہیں۔ اور ان چھوٹی صنعتوں سے علاقے کے لوگوں کی معاشی حالت میں بہت تبدیلی آسکتی ہے۔ انہوں نے ہوٹلوں میں شیف اور منیجرز کی چھ مہینے کی ٹریننگ کیلئے ہوٹل ایسوسی ایشن سے نام چیمبر کو دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ٹی ڈی اے سی، کو آرڈنیٹر سمیڈا نے بھی خطاب کیا۔ ا جلاس کے انتظامات اے وی ڈی پی نے انجام دیے۔ مہمانوں نے بعد آزان کراکال میں ویمن بینک اور برون میں کالاش میوزیم کی وزٹ کی۔