چترال (نمائندہ چترال میل)چترال سکاؤٹس کے زیراہتمام 52واں یوم دفاع پاکستان چترال چھاونی گراونڈمیں شایاں شان طریقے سے ملی جذبے کے ساتھ منایاگیا۔پروگرام کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین تھے نظامت کے فرائض احسان شہابی ؔ انجام دے رہے تھے پروگرام میں ڈپٹی کمشنر چترال شہاب حامدیوسفزئی،ڈی پی اوچترال سیداکبرعلی شاہ،ڈسٹرکٹ ناظم حاجی مغفرت شاہ،شہزادہ سراج الملک،دیگرسرکاری اورغیرسرکاری افیسرز،شہداء کے لواحقین،پاک فوج،چترال سکاؤٹس،چترال پولیس کے جوان،ایف سی پی ایس سکول کے طلباء وطالبات اوروالدین کثیرتعدادمیں شرکت کی۔ا س موقع پرمہمان خصوصی کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل معین الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قوموں کی زندگی میں کچھ دن نہایت اہم ہوتے ہیں 6ستمبر بھی ایک ایسادن ہے جسے پاکستانی قوم کبھی نہیں بھلائے گی۔کیونکہ اس دن جرات وبہادری کی وہ تاریخ رقم ہوئی جورہتی دنیاتک درخشان رہے گی۔انہوں نے کہاکہ یوم دفاع پاکستان ہمیں اس دن کی یاددلاتاہے جب پاکستان کے جری جوان اپنی سرحددوں کی حفاظت کے لئے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیواربن کرکھڑے ہوگئے۔ان کی شجاعت کے ناقابل یقین کارناموں کی کوئی نظرپیش نہیں کی جاسکتی ان کی فرض شناسی اورحب الوطنی جدیدجنگوں کی تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حرف سے لکھی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ ان کایہی جذبہ شجاعت تھاجس نے پاکستانی عوام کے ساتھ مل کراپنے سے پانچ گنابڑے اورجدید اسلحہ سے لیس دشمن کے ناپاک ارادوں کوخاک میں ملادیا۔پوری دنیایہ دیکھ کرحیران رہ گئی کہ پاکستان کے عوام اورافواج نے دشمن کے عزائم کے آگے ڈٹ کراس کے منصوبے خاک میں ملادئیے۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے دشمن کی عددی برتری کی ماضی میں پروا کی ہے نہ ہی آئندہ کرے گی۔جنگ ستمبر1965ء کے دوران قوم کاجذبہ دفاع اپنے عروج پرتھایہ حوصلوں اورجراتوں کی جنگ تھی وہی حوصلہ آج بھی زندہ ہے جب بھی اس ملک پرکوئی براوقت آیاہے ساری قوم متحدہوکرپاک فوج اورسیکیورٹی فورسزکے ساتھ کھڑی ہوگی۔کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین نے کہاکہ وطن اورآزادی کی خاطرقربانیاں دینی پڑتی ہیں آج ہم جس فضاء میں آزادی کاسانس لے رہے ہیں یہ اُن شہداء اورغازیوں کی قربانیوں کانتیجہ ہے ہمیں بحیثیت قوم اپنے اُن محسنوں کونہیں بھلاناچاہیے جنہوں نے اپناآج ہمارے کل پرقربان کردیا۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج اورچترال سکاؤٹس اُن قربانیوں کوکھبی فراموش نہیں کریگادفاع وطن کے اس فرض نبھانے میں چترال کے باشندے اورچترال سکاوٹس کے جوان کسی سے پیچھے نہیں۔چاہیے وہ سکردواورساچین کے پہاڑہویاقبائلی شورش زدہ علاقے ہرجگہ چترال کادلیرجوان پاک آرمی اورچترال سکاؤٹس کے ساتھ اپنے فرائض کی انجا م دہی میں مگن ہے۔اس موقع پرایف سی پی ایس کے طلباء وطالبات نے 6ستمبرکے حوالے سے ملی نغمے اورتقریرپیش کئے اورکمانڈنٹ چترال سکاوٹس نے شہداء کے لواحقین کوسوینسیئرپیش کئے۔یوم دفاع کے حوالے سے اس ایونٹ کویادگاربنانے کے لئے پولومیچ کااہتمام کیاگیا اس دوران چترال جانبازپیراگلائیڈرزپاکستان کاجھنڈااٹھائے ہوئے پیراگلائیڈنگ کامظاہرہ کیا۔اس موقع پر عوام کے دلچسپی کے لئے چترال سکاوٹس اورچترال پولیس یادگاراسلحوں کے اسٹال لگائے تھے۔