ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے ممکنہ خطرے کو دور کرنے کی خاطر شہر کے دونوں سرکاری ہسپتالوں میں عام صفائی کا عمل شروع کردیا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے ممکنہ خطرے کو دور کرنے کی خاطر شہر کے دونوں سرکاری ہسپتالوں میں عام صفائی کا عمل شروع کردیا جس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے اہلکاروں کے ساتھ محکمہ سول ڈیفنس کے دو درجن سے ذیادہ رضاکار حصہ لے رہے ہیں جنہوں نے جمعہ کے روز ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال کے احاطے میں تمام کوڑا کرکٹ اٹھانے کے ساتھ وارڈوں کی دھلائی کی اور ہسپتال کے قرب وجوار میں پڑی گندگی بھی صاف کردی۔ اس موقع پر صفائی کے کام کی نگرانی کرنے والے اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم خان نے کہا کہ پبلک مقامات میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل ترتیب دے کر اس پر عملدرامد شروع کردی ہے تاکہ شہر کو ماضی کی طرح آئنہ جیسا صاف ستھرا رکھا جاسکے جس کی وجہ سے نہ صرف یہاں پر نہ صرف صحت عامہ میں بہتری آئے گی بلکہ یہاں آنے والے سیاح بھی شہر کے بارے میں مثبت تاثر لے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صفائی مہم کے دوسرے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں غلاظتوں اور دوسرے آلودگیوں کو اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ صفائی مہم کے بعد اس کے تسلسل کو برقرار رکھنے کا بھی اہتمام کی جائے گا۔ اس موقع پر قائمقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر تواکل خان اور ڈسٹرکٹ چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر گلزار احمد بھی موجود تھے۔