پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے گزشتہ چارسالوں کے دوران تعلیمی بجٹ میں ریکارڈ 114 فیصد اضافہ کیا ہے۔محمد عاطف خان وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نما یندہ چترال میل)خیبرپختونخواکے وزیر ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے گزشتہ چارسالوں کے دوران تعلیمی بجٹ میں ریکارڈ 114 فیصد اضافہ کیا ہے۔اسی طرح ہائیر سیکنڈری سکولوں کی تعداد میں 100 فیصد اضافہ کرکے اسے 605 جبکہ ہائی سکولوں کی تعداد 1800 سے بڑھا کر 2200 کردی گئی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز پشاورمیں مجوزہ بلینڈڈ لرننگ سسٹم سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش،سپیشل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم،ایڈیشنل سیکرٹری ارشد خان اورڈائریکٹر تعلیم رفیق خٹک نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو مذکورہ سسٹم کی اہمیت،افادیت اور دیگر پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بلینڈڈ سسٹم کی اہمیت اپنی جگہ ہے لیکن ہمارا مقصد تعلیمی معیار بہتر کرنا ہے اوراس اہم مقصد کے لئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری سکولوں میں آئی ٹی کلچر کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں کیونکہ موجودہ جدید دور میں تعلیم کے شعبے میں آئی ٹی کے بھر پوراستعمال کے بغیر ترقی کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہا کہ صوبے تقریباً3 ہزار ہائیر اورہائی سکولوں میں 1379 آئی ٹی لیب قائم کیے گئے ہیں لہٰذا باقی ماندہ تمام سکولوں میں آئی ٹی لیب کے قیام کے لئے فوری طورپر کیس تیار کرکے انہیں بھجوائیں تاکہ اس سلسلے میں بلاتاخیر پیش رفت کی جاسکے۔ اسی طرح پرائمری سکولوں کے لئے بھی آئی ٹی لیب کے قیام کے لئے پلان تجویز کریں۔عاطف خان نے صوبے کے تمام پراونشل اورریجنل ٹیچر ز ایجوکیشن مراکز کوآئی ٹی کے جدید آلات سے آراستہ کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ اساتذہ کوجدید خطوط پرتربیت دیکر نئی نسل کی صحیح سمت میں پرورش کی جاسکے۔ انہوں نے تعلیم کے لئے لرننگ مینجمنٹ سسٹم اورڈیجیٹلائزڈ کانٹنٹس ڈیویلپمنٹ کوناگزیر قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں قابل عمل پلان بنانے کی بھی ہدایت کی۔