(چترال میل رپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہونے والے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ صوبے بھر میں کرش مشینوں کیلئے مروجہ قوانین اور قوائد و ضوابط حقیقت پسند بنانے اور سرکاری افسران کو یکساں سوچ کے ساتھ ایگزیکٹیو الاؤنس دینے کے لئے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایسے اضلاع اور علاقے جہاں مقامی حکومت کے انتخابات نہ ہوئے ہوں یا کسی وجہ سے مقامی حکومتوں کا نظام غیر فعال ہو وہاں کے ترقیاتی فنڈزکو ضلعی انتظامیہ کے ذریعے شفاف استعمال کی منظوری دی جبکہ ایک سب کمیٹی ضلعی،تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر حکومت کی طرف سے منظور شدہ فارمولے کے تحت مختلف شعبوں کے لئے دیئے گئے فنڈ زکے انہی شعبوں میں شفاف استعمال کے لئے سفارشات کو حتمی شکل دینے کے لئے ایک سب کمیٹی کی منظوری دی۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے چیف سیکرٹری عابد سعید کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اجتماعی فیصلہ سازی کو دیرپا ترقی کی بنیاد قرار دیا۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران صوبے بھر میں این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہونے والے ایسے تمام کنٹریکٹ ملازمین کی تفصیلات جمع کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان کومستقل کرنے کے لئے طریق کار وضع کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہونے جا رہی ہے۔ بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاروں کے ساتھ مختلف شعبوں میں معاہدے ہو چکے ہیں جو عملی شکل میں گراؤنڈ پر آنے والے ہیں جب ترقیاتی عمل شروع ہو گا تو اسکے لئے مقامی طور پر دستیاب میٹریل کا استعمال بھی تیز تر اور بڑے پیمانے پر شروع ہو جائے گا۔تاہم یہ ترقیاتی عمل انسان دوست اور ماحول دوست بنانے کے لئے بنیادی نوعیت کے قوائد و ضوابط کا از سر نو جائزہ لینا ضروری ہے تاکہ ترقی کا عمل حقیقت پسند اور دیرپا ہو۔انہوں نے ترقیاتی عمل کو سہل اور دیرپا بنانے کے لئے سفارشات مانگی۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی فیصلہ سازی دیرپا ترقی کی بنیاد ہوتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اجتماعی ترقی میں تمام شراکت دار پوری نیک نیتی سے حصہ لیں۔ وزیر اعلیٰ نے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ ترمیمی ایکٹ2014کی کابینہ سے منظوری کو سی پیک کے تناظر میں ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ انکی حکومت سی پیک پراجیکٹس کو عملی طور پر مستقبل قریب میں دیکھ رہی ہے۔حکومت نہ صرف سرمایہ کاری کے لئے موزوں ماحول فراہم کرچکی ہے بلکہ پہلے سے ہی پالیسی کے رہنما اُصول وضع کر چکی ہے جن میں پر کشش مراعات اور آسان طریقہ کار موجود ہے اور اس کو قانونی شکل دینا ضروری سوچا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے پاور کرشنگ کے قوانین کو حقیقت پسند بنانے، سرکاری افسران کے لئے ایگزیکٹیو الاؤنس اور مقامی حکومتوں کے تحت مختلف شعبوں کے لئے مختص شدہ وسائل کی انہی شعبوں میں شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لئے مختلف سب کمیٹیوں سے جلد ازجلد سفارشات وضع کرنے کی ہدایت کی۔ایگزیکٹیو الاؤنس کیلئے ایک منصفانہ اور یکساں پیمانہ ہونا چاہیئے اس عمل میں کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونی چاہیئے حکومت سب کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں حقیقت پسندانہ اور منصفانہ فیصلہ کرے گی۔ تاہم انہوں نے ایسے اضلاع اور علاقے جہاں مقامی حکومت کا نظام یا تو الیکشن نہ ہونے کی وجہ سے اور یا کسی اور وجہ سے نہ ہو کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ذریعے موجود طریقہ کارکے تحت وسائل کو ترقیاتی عمل میں خرچ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ پسماندہ علاقوں کو ترقی کے ثمرات پہنچنا ضروری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ریٹائرہونے والے چیف سیکرٹری عابد سعید کی گراں قدر خدمات پر اُنہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے اپنا دور انتہائی ایمانداری اور دوستانہ طریقے سے گزارااور اپنے سرکاری فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔اُن کا دور صوبے کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ اسی قسم کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ریٹائرڈ ہونے والے چیف سیکرٹری نے کہاکہ وزیراعلیٰ کی رہنمائی میں انہوں نے صوبے کی خدمت میں اخلاص سے اپنا حصہ ڈالا۔صوبے کے لوگ انتہائی خوش دلی اور محبت کے ساتھ پیش آئے اور یہ گزرا ہوا وقت میرے لئے سرمایہ ہے۔
تازہ ترین
- ہومماڈل یوناٸٹیڈ نینشنز کانفرنس Model United Nations Conference,(MUN) الخدمت فاٶنڈیشن اسکول قتیبہ کیمپس چترال میں (MUN) کانفرنس کا انعقاد کیا گیا
- مضامینپھول جیسے بچپن پر ظلم: بچوں سے مشقت اور بھیک منگوانے کا بڑھتا ہوا رجحان۔۔تحریر: بشیر حسین آزاد
- ہومضلع لوئر چترال پولیس میں 07 نئے جوان شامل، ڈی پی او لوئر چترال رفعت اللہ خان (PSP) نے تقرر نامے تقسیم کر دیے۔
- ہومضلعی پولیس سربراہ کی قیادت میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیاں بدستور جاری
- ہومضلعی پولیس سربراہ کی قیادت میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیاں بدستور جاری
- ہومچترال اسکاؤٹس نے چترال لیویز کو 1 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا کر چیمپیئن شپ اپنے نام کر لی
- ہوم*پرنس رحیم آغا خان کے دورہ لوئر چترال کے سلسلے میں آر۔پی۔او ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ کا تھانہ لٹکوہ اور دیدار گاہ گرم چشمہ کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ
- مضامیندھڑکنوں کی زبان ۔۔محمد جاوید حیات ۔۔”یہ سسٹم کیا بلا ہے “
- ہومچترال لوئر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سینئر کی سیٹ سات ماہ سے خالی، عوام و کنٹریکٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا
- ہومچترال میں اگیگا کا احتجاجی مظاہرہ، مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی



