چترال (نمائندہ چترال میل) پرائیم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم فیز تھری کے پہلے مرحلے میں چترال یونیورسٹی کے40 ہونہار طلبہ لیپ ٹاپ دئے گئے جبکہ فیز فور کیلئے رجسٹریشن پہلے سے ہی شروع ہوچکی ہے۔ اسی طرح طلبہ میں تقریباًنو لاکھ روپے کی مالیت کے سکالرشپ چیک بھی تقسیم کئے گئے۔ یاد رہے کہ ان طلبہ کی رجسٹریشن شرینگل یونیورسٹی کے توسط سے ہوئی تھی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چترال یونیورسٹی کے پراجیکٹ ڈائیریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بادشاہ منیر بخاری نے طلبہ پر زور دیا کہ اپنی تمام تر توجہ تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں پر مرکوز کریں جس کے دور رس ثمرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی و اعانت کیلئے جلد ہی یونیورسٹی ایک اینڈومنٹ فنڈکا قیام عمل میں لارہی ہے۔