چترال کے دور دراز علاقوں میں واقع ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کے لئے سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا نے بیک وقت 54ڈاکٹروں کی تقرری کردی۔ ڈاکٹر اسرار اللہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر چترال

Print Friendly, PDF & Email

چترال نما یندہ چترال میل) چترال کے دور دراز علاقوں میں واقع ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کے لئے سیکرٹری صحت خیبر پختونخوا نے بیک وقت 54ڈاکٹروں کی تقرری کردی جوکہ مختلف بیسک ہیلتھ، یونٹوں، رورل ہیلتھ سنٹروں اور سول ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق تعینات کئے جائیں گے۔ چترال میل ڈاٹ کام سے خصوصی گفتکوکرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افیسر ڈاکٹر اسرار اللہ نے کہا کہ چترال کے مختلف علاقوں کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکڑوں کی شدید کمی کا نوٹس لے کر سیکرٹری صحت عابد مجید نے گزشتہ سال دسمبر میں چترال کے دورے کے موقع پر ڈاکٹروں کی تعیناتی کا وعدہ کیا تھا جسے انہوں نے نبھادیا ہے اور اس کے نیتجے میں لوگوں کو ان کے قریب تریں ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچنے کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پر رش بھی کم ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ صوبائی حکومت نے اتنی ذیادہ تعداد میں ڈاکٹروں کی تعیناتی کرکے مزید پوسٹنگ کے لئے ڈی۔ ایچ۔ او کے ڈسپوزل میں دے دیا ہے۔ ڈاکٹراسرار اللہ نے کہا ہے کہ ضلعے میں محکمہ صحت کی کارکردگی قابل ستائش اور اطمینان بخش ہے جوکہ انتہائی کم وسائل اور ضلعے کی وسعت کے باوجود علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کی انتھک کوششوں کا منہ بولتا ثبوت چترال کو گزشتہ دو عشروں سے پولیو فری رہنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ دو سالوں کے دوران مختلف مواقع پر قدرتی ڈیزاسٹروں کے بعد متاثروں کو ادویات کی فراہمی میں نمایان کردار ادا کیا ہے۔