نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل)نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال ریشم جہانگیر (PSP) نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی واضح کیا ہے کہ لوئر چترال میں قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز اور سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ قانون شکن عناصر کے لیے ضلع میں کوئی جگہ نہیں، جبکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری رہے گی۔
ڈی پی او لوئر چترال نے کہا کہ ایمانداری، میرٹ اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ فرائض انجام دیے جائیں گے، عوام کو فوری انصاف اور بہتر پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور عوام کے باہمی اشتراک سے لوئر چترال کو جرائم اور منشیات سے پاک، پُرامن اور محفوظ ضلع بنایا جائے گا۔