سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام ڈائلاگ، آیون درخناندہ، تھوڑیاندہ، موڑدہ نہر کی مرمت کیلئے ساڑھے گیارہ لاکھ کی پہلی قسط جاری

Print Friendly, PDF & Email

 

چترال (محکم الدین) سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے زیر اہتمام آیون میں کمیونٹی ریپریزینٹیو آرگنائزیشن (CRO) کے ساتھ مختصر ڈائیلاگ ہوا۔ جس میں ریجنل پروگرام منیجر ایس آر ایس پی طارق احمد، چیرمین ویلج کونسل آیون ون وجیہ الدین، صدر سی آر او آیون نور عجب خان، فیلڈ آفیسر ایس آر ایس پی عارف اللہ جبکہ کمیونٹی کے نمایندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عارف اللہ نے آیون موڑدہ، تھوڑیاندہ، درخناندہ کے مشترکہ نہر کی متاثرہ ایریا میں دوبارہ تعمیر سے متعلق امور پر تفصیل سے روشنی ڈالی، اور کہا۔ کہ چونکہ اب بہار کا سیزن شروع ہو رہا ہے۔ اور نالے کے پانی میں کسی بھی وقت اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس لئے فوری طور پر نہر کی مرمت کا آغاز انتہائی ضروری ہے۔ تاکہ نالہ کی طغیانی سے پہلے یہ کام مکمل کیا جا سکے۔
آر پی ایم طارق احمد نے اپنے خطاب میں پراجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا، کہ ایس آر ایس پی نے آیون کے تین دیہات کی تنظیمات کے اشتراک سے یہ نہر 2015 میں تعمیر کیا تھا۔ جو کہ اب تک بھر پور طریقے سے آیون کو آبپاشی کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ تاہم مسلسل سیلاب اور دریائی کٹاؤ کے باعث چند مقامات پر نہر کو نقصان پہنچ چکا ہے، جس کی بر وقت تعمیر و مرمت کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا، کہ نہر کی تعمیر و مرمت کی لاگت 38 لاکھ 78ہزار روپے ہے۔ تاہم یہ ادائیگی تین قسطوں میں کی جائے گی۔ جبکہ پہلی قسط کی رقم ساڑھے 11 لاکھ چیک کی صورت میں تنظیم کو ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ ڈونر کی طرف سے اس قسم کے پراجیکٹ ٹھیکیداروں کے ذریعے تعمیر کرنے کے احکامات ہیں۔ لیکن ہماری خصو صی درخواست پر سابقہ کی طرح کمیونٹی کے ذریعے یہ پراجیکٹ کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا۔ کہ کام کے مقدار اور معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ اور پراجیکٹ کی تکمیل کی مدت تین ماہ ہے، طارق احمد نے کہا، کہ آیون گول میں یورپین یونین کے پیس پراجیکٹ فیز ٹو کے تحت ایس آر ایس پی دو میگا واٹ کا نیا بجلی گھر تعمیر کر رہا ہے، تاہم موجودہ بجلی گھر کی حالت بھی مزید بہتر کرنے پر بھی کام کیا جائے گا۔
‌ اس موقع پر چیرمین وجیہ الدین اور صدر سی آر او نور عجب خان نے اپنے خطاب میں کہا۔ کہ سی ای او ایس آر ایس پی شہزادہ مسعود الملک ہمیشہ آیون کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتے رہے ہیں۔ اور درجنوں مختلف نوعیت کے پراجیکٹس ذاتی دلچسپی سے مکمل کروائے ہیں، خصوصا آیون بجلی گھر کی تعمیر ان کا اہم منصوبہ ہے۔ جس سے 2015 سے وی سی آیون ون کے لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں، اب ایک اور بجلی گھر کی تعمیر شہزادہ کی طرف سے علاقے کے لوگوں کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے۔ انہوں نے آیون کے لوگوں کی طرف سے شہزادہ مسعود الملک کا شکریہ ادا کیا۔ اور ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر نہر پراجیکٹ کی پہلی قسط ساڑھے 11لاکھ روپے کا چیک سی آر او آیون کے عہدہ داروں کے حوالے کیا گیا۔