چترال (نمائندہ چترال میل ) ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے افسران کے ساتھ ضلع میں جاری سڑکوں کی تعمیر و ترقی کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم، انتظامی افسران، این ایچ اے کے ذمہ داران اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو جاری منصوبوں کی تازہ پیش رفت، درپیش رکاوٹوں، فنڈنگ، تکنیکی مسائل اور انتظامی امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ تمام محکمے باہمی رابطے کو مزید مؤثر بناتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائیں، تاکہ تمام روڈ منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق پایۂ تکمیل تک پہنچ سکیں۔
ا س سے قبل ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے ضلعی انتظامیہ کے افسران اور این ایچ اے حکام کے ہمراہ چترال مستوج شندور روڈ کا تفصیلی دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے جاری کام کا بغور جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کے ساتھ مکمل کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ کام میں کسی قسم کی تاخیر، کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی سہولت، ٹریفک کی روانی اور روڈ سیفٹی کو ہر حال میں اولین ترجیح دی جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کام کی رفتار اور معیار میں بہتری، مؤثر نگرانی اور فیلڈ سطح پر پیش رفت کے لیے فوری اور عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔





