ریجنل پولیس افسر ملاکنڈ شیر اکبر نے بلچ میں زیرِ تعمیر نئی پولیس لائن کا تفصیلی دورہ کیا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال ( نمائندہ چترال میل )ریجنل پولیس افسر ملاکنڈ شیر اکبر نے بلچ میں زیرِ تعمیر نئی پولیس لائن کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈی پی او لوئر چترال افتخار شاہ اور ڈی پی او اپر چترال حمید اللہ خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

آر پی او ملاکنڈ کو جاری تعمیراتی کام کی رفتار، تعمیر کے معیار اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آر پی او ملاکنڈ نے تعمیراتی ٹیم کو ہدایت کی کہ تمام کام معیاری تعمیراتی اصولوں کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ چترال پولیس کو جدید اور آرام دہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چترال کے جغرافیائی لحاظ سے دور دراز اور پہاڑی علاقے میں تعینات پولیس اہلکار نہایت محنت، ایمانداری اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اور ان کی کارکردگی کو سہارا دینے کے لیے جدید پولیس لائنز، رہائشی سہولیات اور تربیتی مواقع کی فراہمی محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔