چترال ( نمائندہ چترال میل )مدکلشٹ میں گلاف الرٹ کے پیشِ نظر لوئر چترال پولیس، ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ کی جانب سے عوام کی سہولت اور فوری امداد کے لیے خصوصی ایمرجنسی کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔
ایمرجنسی کیمپ کے قیام کا مقصد مقامی آبادی کو بروقت ریلیف فراہم کرنا، ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنانا اور ہر ممکن سہولیات بہم پہنچانا ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال عبدالسلام، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش خلیل الرحمن، ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل دروش اقبال کریم اور ایس۔ایچ۔او تھانہ دروش بُلبُل حسن نے کیمپ کا دورہ کیا اور امدادی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پولیس افسران، آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ اور انتظامیہ کے حکام نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
لوئر چترال پولیس کے جوان، ریسکیو 1122،آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ اور ضلعی انتظامیہ ہر وقت چوکس ہیں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری ردِ عمل کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
عوام الناس سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، غیر ضروری خوف و ہراس سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں براہِ راست ایمرجنسی کیمپ، قریبی پولیس اسٹیشن یا ریسکیو 1122 ہیلپ لائن سے فوری رابطہ کریں۔
لوئر چترال پولیس اور ضلعی انتظامیہ عوام کے ساتھ ہیں اور کسی بھی مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ڈی پی او لوئر چترال افتخار شاہ نے کہا کہ پولیس ہمہ وقت عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو ہر ممکن تحفظ اور بروقت امداد فراہم کی جائے گی۔ عوام کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ ہر کسی کی حفاظت کو ممکن بنایا جا سکے۔
ایمرجنسی صورتحال میں پولیس ہیلپ لائن نمبر 15 /
پولیس کنٹرول نمبر 0943/412959 پر رابط کریں





