یومِ آزادی کی خوشبو ہر سو، لوئر چترال پولیس کا عوام میں سبز ہلالی پرچم تقسیم کرنے کا اقدام

Print Friendly, PDF & Email

چترال ( نمائندہ چترال میل )لوئر چترال پولیس نے یومِ آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں اتالیق پل چترال میں ایک خوبصورت مہم کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں میں پاکستان کے جھنڈے تقسیم کیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر قومی پرچم آویزاں کرنے کی ترغیب دینا تھا، تاکہ 14 اگست کو ملی جوش و جذبے اور اتحاد کے ساتھ منایا جا سکے۔

اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پرچم تھام کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ فضا میں سبز و سفید رنگ بکھر گئے اور جشنِ آزادی کی خوشیاں مزید رنگین ہو گئیں۔

تقریب میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر لوئر چترال پولیس اکبر شاہ، ایس ایچ او سٹی حیدر حسین،انچارج ڈی ایس بی انسپکٹر علی احمد، انچارج ٹریفک وارڈن اے ایس آئی فضل کریم، سابق صدر تجار یونین شبیر احمد اور دیگر پولیس افسران شریک تھے، جنہوں نے عوام کے ساتھ مل کر اس ملی جوش و خروش کو مزید جِلا بخشی۔