خیبرپختونخوا حکومت کے ایک اور عوام دوست منصوبے ‘ احساس اپنا گھر’ پر عملدرآمد کے لیے محکمہ ہاوسنگ اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کر دیئے گئے

Print Friendly, PDF & Email

پشاور ( مانیٹرنگ ڈیسک )خیبرپختونخوا حکومت کے ایک اور عوام دوست منصوبے‘ احساس اپنا گھر’پر عملدرآمد کے لیے محکمہ ہاوسنگ اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاوئس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور تھے۔ صوبائی کابینہ اراکین ڈاکٹر امجد علی اور مزمل اسلم کے علاوئہ متعلقہ محکموں اور بینک آف خیبر کے حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق، احساس اپنا گھر اسکیم کے تحت کم آمدن والے افراد کو نئے گھر کی تعمیر یا موجودہ گھر کی توسیع و مرمت کیلئے پندرہ لاکھ روپے تک کے بلاد سود قرضے دیئے جائیں گے۔ اس اسکیم پر چار ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ قرضوں کی واپسی کیلئے سات سالوں پر مشتمل آسان شیڈول تجویز کیا گیا ہے۔ مزید برآں، قرضہ واپسی کی ماہانہ قسط زیادہ سے زیادہ اٹھارہ ہزار روپے تک ہو گی جبکہ سکیم ریوالونگ فنڈز سسٹم کے تحت آئندہ سات سالوں تک جاری رہے گی۔ احساس اپنا گھر اسکیم کے تحت قرضوں کے حصول کے لیے  اپنی ملکیتی زمین کا ہونا ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو رہائش کی معیاری سہولیات کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،احساس اپنا گھر اسکیم کا اجرائاس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احساس اپنا گھر اسکیم موجودہ صوبائی حکومت کا ایک اور فلاحی منصوبہ ہے جس کے تحت  صوبے کے کم آمدنی والے لوگوں کو معیاری رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لئے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ اس پروگرام پر عملدرآمد سے نہ صرف کم آمدنی والے لوگوں کو رہائش کی معیاری سہولیات فراہم ہونگی بلکہ ان کے سماجی اور معاشی حالات کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ اسکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے عمل میں شفافیت کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یہ قرضے صرف حقدار لوگوں کو ملیں۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ احساس پروگرام کے تحت صوبائی حکومت نے دیگر فلاحی منصوبے بھی شروع کئے ہیں جن میں احساس نوجوان، احساس ہنر اور احساس روزگارشامل ہیں۔