چترال ( نمائندہ چترال میل) وفاقی حکومت کی طرف سے حالیہ برف باری اور بارش کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے گئے جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر عبدالولی خان ایڈوکیٹ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر 18خاندانوں کو گھروں کی مکمل نقصان پر فی گھرانا 7لاکھ روپے اور جزوی نقصان پر 10گھرانوں کو 3لاکھ 50ہزار روپے کے چیک دے گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران اے ڈی سی انور اکبر، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عاطف جالب اور دوسروں کی موجودگی میں یہ تقریب ڈی سی آفس میں منعقد ہوئی۔ اپنے خطاب میں عبدالولی خان ایڈوکیٹ نے کہاکہ نواز شریف جب بھی برسراقتدار آئے ہیں تو اہالیان چترال کے ساتھ انتہائی شفقت کا مظاہرہ کیا اور اب کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے بھی ایک ہفتے سے بھی قلیل عرصے میں متاثرین کے لئے معاوضے کی رقم جاری کردی جبکہ 2016ء میں بھی نواز شریف نے سیلاب اور زلزلہ کے متاثرین میں بھاری رقوم تقسیم کی۔ انہوں نے کہاکہ شریف برادران کی سیاست کا مقصد جذباتی تقریر کے بجائے عملی کام اور عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے اور ہرمشکل میں پی ایم ایل (ن) کی حکومت کا چترال پر خصوصی توجہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ساجداللہ ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔