نواز شریف کے دور حکومت کے بعد رکی ہوئی ترقی کے تسلسل کو بحال کیا جائے گا۔ پارٹی کے سینئیر رہنما اور ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن لوئر چترال کی پریس کانفرنس

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) پاکستان مسلم لیگ (ن) لویر چترال کے صدر عبدالولی خان ایڈوکیٹ نے وفاق میں حکومت سازی کے معاملات میں کامیابی پر نامزد وزیرا عظم میاں شہباز شریف، نامزد وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز، خیبر پختونخوا کے صدر پی ایم ایل (ن) انجینئر امیر مقام اور جنرل سیکرٹری مرتضیٰ عباسی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاکہ نواز شریف کے دور حکومت کے بعد رکی ہوئی ترقی کے تسلسل کو بحال کیا جائے گا۔ جمعہ کے روز پارٹی کے سینئررہنما اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لویر چترال کے صدر ساجد اللہ ایڈوکٹ کی معیت میں چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام نے تمام سازشوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو وفاق میں حکومت سازی کے سلسلے میں پی پی پی کے ساتھ معاملات کامیابی اور خوش اسلوبی سے طے کرنا پارٹی کے قائد میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی تدبرانہ سیاسی حکمت عملی اور جمہوریت کو فروع دینے میں ان کی جذبہ قربانی کا نتیجہ ہے جسے قوم انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے دورمیں نواز شریف نے چترال میں 60ارب روپے سے ذیادہ خرچ کیا تھا جبکہ ان کے اعلان کردہ بہت سے کام ابھی شروع ہونے والے تھے اور مرکزمیں پی ایم ایل (ن) کی حکومت بننے پر اب چترال کے عوام پر امید ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چترال کی پسماندگی کو ختم کرنے اور یہاں پر میگاپراجیکٹوں کو لانچ کرنے کا سلسلہ دوبارہ زور وشور سے شروع ہوگا۔