جمعیت علمائے اسلام (شیرانی گروپ) کے ضلعی امیر نہراب خان نے اپنے سینکڑوں کارکنوں اور حامیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) جمعیت علمائے اسلام (شیرانی گروپ) کے ضلعی امیر نہراب خان نے اپنے سینکڑوں کارکنوں اور حامیوں سمیت پی پی پی کے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی سلیم خان اور قومی اسمبلی کے امیدوار فضل ربی جان کی حمایت کرنے اور پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ ہفتے کے روز سلیم خان اور پارٹی کے دوسرے رہنماؤں فضل خالق، نظار ولی شاہ اور دوسروں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کا خاندان گزشتہ 55سالوں سے چترال میں شہزادہ محی الدین اور ان کے بعد ان کے بیٹوں کے سوا کسی کو ووٹ نہیں دیا لیکن شہزادہ محی الدین کے بعد انہیں مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا اور وہ علاقے کی کوئی خدمت نہیں کرسکے جس سے وہ دلبرداشتہ ہوکر گزشتہ سال جے یو آئی شیرانی گروپ کی ضلعی قیادت سنھبال لی تھی لیکن اب حالات کے تقاضوں کو سامنے رکھ کر اور دروش کے لئے سلیم خان کی بطورصوبائی وزیر خدمات کو سامنے رکھ کر ان کی حمایت کا فیصلہ کرلیا ہے۔ انہوں نے سلیم خان کی دروش کے لئے سلیم خان کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اُن جیسا لیڈر ا ب تک چترال میں پید انہیں ہوا ہے اور اس بنا پر وہ ہمیشہ کے لئے ان کا ساتھ دینے کا اعلان کررہے ہیں چاہے حالات کچھ بھی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنی سیاسی حیثیت کو 8فروری کے دن شو کریں گے جب شیشی کوہ کے پولنگ اسٹیشنوں سے بھاری تعداد میں ووٹ پی پی پی کے امیدواروں کے حق میں پڑجائیں گے۔ پی پی پی کے صوبائی قائد اور امیدوار صوبائی اسمبلی نے نہراب خان اور ان کے ساتھ پارٹی میں شمولیت کرنے والوں اکبربادشاہ، پہلوان خان، ظفیر، بالی خان اور ولی الرحمن کو پارٹی کے پرچم سے بنی مفلر پہنائے اور انہیں پارٹی کی صفوں میں خوش امدید کہا۔ اس موقع پر سلیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی پی پی شہیدوں کی جماعت ہے جوکہ جمہوری اقدار کا امین ہے اور غریبوں کے لئے اس کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نہراب خان جیسے شخصیت کی پی پی پی میں شمولیت پی پی پی کے لئے نیک شگون ہے۔ انہوں نے کہاکہ علمائے کرام اب ایک امپورٹڈ امیدوار کو روپے پیسوں کے بل بوتے پر میدان میں اتار لیا ہے جوکہ قابل مذمت ہے اور گزشتہ جمعہ کو ان کے حق میں شاہی مسجد میں سیاسی تقریر بھی قابل مذمت ہے۔