چترال کے بلدیاتی نمائندے صوبائی قیادت کی ایک اشارے کے منتظر ہیں اور وقت آنے پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔لع لویر چترال کے ویلج ناظمین کی پریس کانفرنس

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) ضلع لویر چترال کے ویلج ناظمین سجا د احمد خان، شاہداحمد، میر دولہ جان، منیر احمد چارویلو، شیر فراز خان، نوروز خان، محمد کامران، نواب خان، منظور احمد، امین الرحمن، قاضی اسحاق، ذاکر الدین، نیاز احمد، فضل الرحمن، مفتی ضمیر اور خاتون تحصیل کونسلرز ثانیہ عزیز، عنابیہ ناز، حریرہ بی بی اور دوسروں نے منگل کے روز چترال پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2017ء میں دئیے گئے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات اور حقوق ومراعات کے حصول کے سلسلے میں صوبائی ایسوسی ایشن کے تمام فیصلہ جات اور اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس سلسلے میں قربانی دینے کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اربوں روپے سرکاری خزانے سے خرچ کرنے کے بعدبلدیاتی نمائندے منتخب کئے گئے لیکن لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیمات کرکے اس کا خلیہ ہی بگاڑ دیا اور عوام کے ووٹوں سے چنے گئے نمائندوں کو عضو معطل بناکر چھوڑ دئیے گئے اور دو سال کا عرصہ گزرنے کے بعد نہ تو انہیں ایک پائی ترقیاتی فنڈ ملی اور نہ انہیں اعزازیہ ادا کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ اکثر بلدیاتی نمائندے اپنے اپنے کاروبار اور پرائیویٹ سیکٹر کے کاروبار چھوڑ کر عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر منتخب ہوئے تھے مگر گراس روٹ لیول کے یہ نمائندے اب عوام کے سامنے بھی شرمندہ ہیں اور خود بھی کئی ایک مشکلات میں مبتلا ہوکر رہ گئے ہیں۔ بلدیاتی نمائندوں یہ بھی مطالبہ کردیا کہ ان کی عہدوں کی مدت میں دو سال کی توسیع دی جائے کیونکہ حکومت نے اپنی نااہلی اور بدنیتی سے ان اداروں کو دو سال تک کوئی اختیار اور ترقیاتی فنڈ منتقل نہیں کیا اور بے دست وپابناکر رکھ دئیے گئے۔ انہوں نے کہاکہ چترال کے بلدیاتی نمائندے صوبائی قیادت کی ایک اشارے کے منتظر ہیں اور وقت آنے پر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔