چترال ( نمائندہ چترال میل )پی ائی اے طیارہ PK-661 حادثے میں شہید ہونے والے مسافروں کی ساتویں برسی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کی طرف سے اسامہ وڑائچ پارک کے یادگار شہداء پر حاضری دی گئی۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قمر حیات خان، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال عمران خان یوسفزئی، اسسٹنٹ کمشنر لوئر چترال ڈاکٹر محمد عاطف جالب، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عدنان حیدر ملوکی,ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لوئر چترال شہروز مفتی، شہدا کے فیملیز اور تمام محکموں کے سربراہان,لیوز اور پولیس کے جوانون نے حصہ لیا۔
پی آئی اے طیارہ PK-661 کی حادثے میں عملے سمیت 48 افراد شہید ہوگئے تھے جبکہ جوانسال ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ بھی شامل تھے۔
اس سلسلے میں ایک تقریب اسامہ وڑائچ پارک میں منعقد ہوئی جس میں ڈی پی او لوئر چترال قمرحیات خان،ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران خان یوسفزئی نے شہیداسامہ پارک کے احاطے میں واقع طیارے کے حادثے میں جان بحق افراد کے لئے قائم یادگار شہداء پر پھول چڑہائے اور فاتحہ خوانی کی۔
چترال پولیس اور چترال لیویز کے چاق وچوبند دستوں نے یادگار شہداء میں سلامی دی۔
اس موقع پر ڈی پی او لوئرچترال قمر حیات خان نے کہا کہ ہر ذی روح کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے مگر وہ لوگ دنیا میں اپنا نام قائم رکھتے ہیں جو دوسروں کے کام آئیں اورحسن اخلاق میں بھی اچھے ہوں.
جہاز کے حادثے کا شکار بننے والے ڈی سی اسامہ وڑائچ اور تمام مسافروں کا مثال دنیا کے سامنے ہے جس کے لئے اب بھی حادثے کے سات سال گزرنے کے بعد بھی چترال کی فضا سوگوار ہے۔