محکمہ ایلمنٹر ی اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اسپیشل امپلی منٹیشن یونٹ کے زیر اہتمام چترال میں خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) محکمہ ایلمنٹر ی اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اسپیشل امپلی منٹیشن یونٹ کے زیر اہتمام چترال میں خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام ہوا جس میں اسے یونیسیف کے علاوہ محکمہ سوشل ویلفیر کا تعاون شامل تھا۔ مقامی ہوٹل میں منعقدہونے والی اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد عمران خان مہمان خصوصی تھے جبکہ اسپیشل امپلی منٹیشن یونٹ کے ڈائرکٹر پروگرامز اُم لیلیٰ، پروگرام منیجر پیر فہد علی شاہ اور سوشل ویلفیر ڈیپارٹمنٹ کے ڈسٹرکٹ افیسر نصرت جبین نے بھی اس دن کی اہمیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس نوعیت کے پروگرامات سے خصوصی بچوں کی پوشیدہ صلاحیتیں اجاگر ہوتی ہیں اور ان میں خود اعتمادی بڑھ جاتی ہے اور چترال میں اس نوعیت کا پروگرام منعقد کرنے اور غیر متزلزل سپورٹ فراہم کرنے پر امپلی منٹیشن یونٹ آف ایلمنیٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور یونیسیف خصوصی شکریہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چترال کے حوالے سے خصوصی بچوں کے مسائل کو حل کرنے اور ان میں خود اعتمادی بڑہانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑا جائے گا۔ ڈی سی نے خصوصی افراد کے مسائل معلوم کرنے کے لئے چترال میں ان کے لئے خصوصی کھلی کچہری منعقدکرنے اور اسپیشل سپورٹس گالا بھی منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ اسپیشل امپلی منٹیشن یونٹ کے ڈائرکٹر پروگرامز اُ م لیلیٰ نے کہاکہ یہ خصوصی بچے ہماری توجہ کے سب سے ذیادہ مستحق ہیں اور ہمیں ان کو بالکل اپنے بچوں کے برابر شفقت دینا چاہئے۔ا نہوں نے کہاکہ مستقبل میں خصوصی افراد کے حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ لویر چترال کے ڈسٹرکٹ افیسر نصرت جبین نے خصوصی افراد کے والدین اور سوشل ورکروں پر زور دیاکہ وہ ان افراد کی رجسٹریشن سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کرائیں تاکہ وہ حکومت کی طرف سے دی جانے والی مراعات اور سہولیات کا حقدار بن سکیں جبکہ اب تک 4600افراد نے رجسٹریشن کی ہے۔انہوں نے خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کے حوالے سے محکمہ سماجی بہبود کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر طبعی اور ذہنی طور پر پسماندہ بچوں کی بحالی کا مرکز زرگراندہ کے پرنسپل رحمت نواز سروری نے بھی ادارے کی کارکردگی بیان کی۔ خصوصی افراد کی ایسوسی ایشن کا صدر ثناء اللہ نے پروگرام کے انعقاد پر محکمہ ایلمنٹر ی اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اسپیشل امپلی منٹیشن یونٹ کا شکریہ ادا کیااور خصوصی افراد کے مسائل بیان کئے۔ اس سے قبل خصوصی افراد نے اپنی صلاحتیوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف کھیلوں اور سرگرمیوں کا مظاہرہ کیا جنہیں محکمہ ایلمنٹر ی اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اسپیشل امپلی منٹیشن یونٹ کی طرف سے انعامات اور تحائف دے دئیے گئے جبکہ محکمہ ایلمنٹر ی اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے اسپیشل امپلی منٹیشن یونٹ کی طرف سے خصوصی اہلیت کے حامل بچوں کی حوصلہ افزائی اور سپورٹ کے لئے سکول بیگز اور دوسرے ضروری اشیاء جبکہ ان کے تعلیمی ادارے کو فرسٹ ایڈ بکس اور اسٹریچر دئیے گئے۔