چترال (نما یندہ چترال میل) ڈائرکٹوریٹ آف حج کی طرف سے چترال اپر اور چترال لویر کے اضلاع سے 83کی تعداد میں عازمین حج کو تربیت فراہم کی گئی جن میں مردو خواتین دونوں شامل ہیں۔ اس سلسلے میں ایک تقریب گورنمنٹ سینٹینل ماڈل سکول چترال میں منعقد ہوئی جس میں ماسٹر ٹرینر شہزاد فخر عالم، ماسٹر ٹرینر گل جمال اور ملٹی میڈیا انچارج عمران خان پرمشتمل ٹیم نے عازمین حج کو تفصیل طورپر مناسک حج اور حجاز مقدس کی سفر اور دوسرے متعلقہ امور کی انجام دہی سے متعلق معلومات فراہم کئے۔ مقامی طور پر معاونت شاہی مسجد کے خطیب مولانا خلیق الزمان اور مولانا لعل بادشاہ نے انجام دی۔ درین اثناء عازمین حج نے تربیت کی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہت ہی مفید قرار دیا۔