جنگلی حیات کے عالمی دن کے حوالے سے سنو لیپرڈ فاونڈیشن چترال اوروائلڈ لائف ڈویژن چترال کی طرف سے تقریب کا انعقاد۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال(بشیر حسین آزاد) جنگلی حیات کا عالمی دن 3مارچ کو پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے ایک تقریب کا سنو لیپرڈ فاونڈیشن چترال اوروائلڈ لائف ڈویژن چترال کی طرف سے مشترکہ طور پر الخدمت فاونڈیشن سکول قطیبہ کیمپس چترال میں انعقاد کیا گیا۔ رضوان اللہ ڈویژنل فارسٹ آفسر چترال تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں کوارڈینیٹر اے کے آر ایس پی شفیق اللہ خان، ڈسٹرکٹ ہیڈ ہیلپنگ ہینڈ چترال عرفان عزیز، آر پی ایم سنو لیپرڈ فاونڈیشن چترال جمیع اللہ شیرازی، سراج خان،الخدمت فاونڈیشن سکول قطیبہ کیمپس چترال کے پرنسپل اخلاق احمد قاضی و فیکلٹی ممبرز،وائلڈ لائف ڈویژن چترال کے فیلڈ سٹاف اور طلباء نے بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔پروگرام کے آغاز میں آر پی ایم سنو لیپرڈ فاونڈیشن چترال جمیع اللہ شیرازی نے عالمی دن کو منانے میں سنولیپرڈ فاونڈیشن کے ساتھ تعاون کرنے پرالخدمت فاونڈیشن سکول قطیبہ کیمپس چترال کے پرنسپل اخلاق احمد قاضی و فیکلٹی ممبرز کاشکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے اس پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کرنے پر رضوان اللہ، ڈویژنل فارسٹ آفسرچترال، کوارڈینیٹراے کے آر ایس پی شفیق اللہ خان، ڈسٹرکٹ ہیڈ ہیلپنگ ہینڈ چترال عرفان عزیز، وائلڈ لائف ڈویژن چترال کے فیلڈ سٹاف اور طلباء کا بھی شکریہ ادا کیا اوراُنہیں خوش آمدید کہا۔اُنہوں نے جنگلی حیات کے عالمی دن کا پس منظر، اس کی اہمیت اور جنگلی حیات کی تحفظ میں سنو لیپرڈ فاونڈیشن کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے کہا کہ جنگلی حیات کی ماحولیاتی نظام اور انسانی زندگی پر اثرات کی اہمیت کا اندازہ ہم اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ اس دن کو عالمی سطح پر منایا جا رہا ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد جنگلی حیات کی اہمیت اور اس کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہی پھیلانا ہے۔ رضوان اللہ، ڈویژنل فارسٹ آفسراچترال نے جنگلی حیات کی عالمی دن کے حوالے سے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کرنے پر سنو لیپرڈ فاونڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور جنگلی حیات کی ماحولیاتی، معاشی اور اخلاقی اہمیت پر تفصیلی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات ماحولیاتی نظام میں توازن لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم ایک انتہائی نازک ماحولیاتی نظام میں رہ رہے ہیں اور اگر ہم نے اپنے ماحول کا خیال نہیں رکھا تو اس کے نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جنگلی حیات کی ماحولیاتی فوائد کیساتھ ساتھ معاشی فوائد بھی ہیں جو کہ ٹرافی ہنٹنگ اور وائلڈ لائف سائٹنگ کے لئے چترال آنے والے سیاحوں سے مقامی ابادی کو مل رہے ہیں۔ انہوں نے الخدمت فاونڈیشن سکول اور دیگر تعلیمی اداروں اساتذہ اور طلباء سے گذارش کی کہ وہ چترال میں جنگلی حیات کے بارے میں آگاہی پھیلانے اور ان کے غیر قانونی شکار کو روکنے میں محکمہ جنگلی حیات کیساتھ تعاون کرے اور عوام میں جنگلی حیات کی اہمیت کواُجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے قدرتی وسائل کو خطرہ ہے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کی سرگرمیوں کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹا جا سکتا ہے۔
الخدمت فاونڈیشن سکول قطیبہ کیمپس کے طلباء میں جنگلی حیات کی اہمیت اور اس کے ماحول پر مثبت اثرات کے موضوع پر تقریر ی اور آرٹ کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں طلباء نے اپنے سمجھ، قابلیت اور علم کے مطابق جنگلی حیات کی اہمیت، ان کے تحفظ سے جڑے مسائل اور ممکنہ اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ماحولیاتی بہتری اور استحکام کے لیے جنگلی حیات کے تحفظ کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔
پرنسپل سکول اخلاق احمد قاضی نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سنو لیپرڈ فاونڈیشن چترال نے جنگلی حیات کے عالمی دن کی مناسبت سے اس پروقار تقریب کے لئے سکول ہذاکو منتخب کرکے ہمارے طلباء کو ایکسپوژر کا موقع دیا جو کہ ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں طلباء کو نصابی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ اس طرح کے ماحولیاتی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے کی ضرورت ہے، تاکہ آنے والے وقت میں سوسائٹی کے لئے بہترین خدمات انجام دے سکے۔ اُنہوں نے جنگلی حیات کے عالمی دن کوان کے سکول کے بچوں کے ساتھ منانے پر ایک مرتبہ پھر سنو لیپرڈ فاونڈیشن اور وائلڈ لائف ڈویژن چترال کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی اس طرح قدرتی قومی اثا ثوں کی تحفظ کے حوالے سے آگاہی پھیلانے میں سنو لیپرڈ فاونڈیشن اور محکمہ وائلڈ لائف کے ساتھ بھر پور تعاون کرتے رہیں گے۔
تقریب کے اختتام پر تمام مہماناں میں شیلڈ اور تقریری اور آرٹ مقابلوں میں شرکت کرنے والے بچوں میں شیلڈز تقسیم کیے گئے اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔