چترال کے مختلف سیاسی جماعتوں کے ضلعی رہنماؤں اور سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں نے لویر چترال سے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر انوار الحق کو ایک مثالی منتظم قرار د یا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) چترال کے مختلف سیاسی جماعتوں کے ضلعی رہنماؤں اور سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں نے لویر چترال سے تبدیل ہونے والے ڈپٹی کمشنر انوار الحق کو ایک مثالی منتظم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی تعیناتی کے ایک سال سے بھی کم عرصے میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور چترالی عوام کے دلوں میں اپنے لئے مقام پیدا کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر سے الوداعی ملاقات میں پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری فخر اعظم، جے یو آئی کے قاری جمال عبدالناصر، عوامی نیشنل پارٹی کے الحاج عیدالحسین اور سید عابد جان، جماعت اسلامی کے قاضی سلامت اللہ اور پی پی پی کے میردولہ جان ایڈوکیٹ نے کہاکہ چترال کے متعدد میگاپراجیکٹوں،دوسرے ترقیاتی کاموں کی درست نگرانی کروانے سے لے کر مارکیٹ پر کنٹرول کرکے عوام کو ناجائز منافع خوروں سے بچانے سمیت چترال کی مثالی امن وامان کو برقرار رکھنے میں ان کا کردار دوسرے افسران کے لئے قابل تقلید ہے۔ اس موقع پر انوار الحق نے چترال کے عوام اور سول سوسائٹی کو مثبت اور ذمہ دارانہ روئیے کا حامل قرار دیتے ہوئے کہاکہ شرافت اور انسانیت کو اپنی اصل حالت میں کوئی دیکھنا چاہے تووہ چترال کا رخ کرے جہاں وہ ہرایک سے بے لوث محبت پائے گا۔ انہوں نے سول سوسائٹی کے ذمہ داروں پر زور دیا کہ وہ چترال کے سادہ لوح عوام کو آنے والا جدید وقت کی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ٹھوس اور جامع حکمت عملی مرتب کرکے اس پر عملدرامد کرائے۔ انہوں نے کہاکہ چترال کے بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ کے تحت جدید ترین سہولیات سے مزین اڈیٹوریم تعمیر کرانے کی منظوری دلوائی ہے جبکہ اس وقت عوامی تقریبات کے لئے کوئی مناسب ہال دستیاب نہ تھا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ چترال یونیورسٹی اور کالاش ویلیز روڈ پر کام عنقریب شروع اورکوہ علاقہ کی بجلی کا مسئلہ جلد حل ہوگا۔ انہوں نے عوام کی طرف سے ہرممکن تعاون حاصل رہنے پرچترال کے عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چترال پریس کلب کے صدر ظہیر الدین بھی موجود تھے۔