اپر چترال کے کاغ لشٹ میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام سنوفیسٹول شروع ہوگئی

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) اپر چترال کے کاغ لشٹ میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام سنوفیسٹول شروع ہوگئی جس میں اسکئینگ، اسکیٹنگ اور پراگلائیڈنگ کے علاوہ چترال کے روایتی کھیل اور ثقافتی شو شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی وزیرزادہ اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام شاہ نے فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فیسٹول کو آئندہ ذیادہ وسیع پیمانے پر منعقد کرکے اس کے ذریعے ونٹر ٹورزم کو ترقی دینے کی عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ اپنی جعرافیائی محل وقوع اور برف پوش پہاڑوں کی خوب صورتی میں یہ مقام بہت ہی اہم ہے اور برف پر کھیلی جانے والی کھیلوں میں مقامی افراد بھی کسی سے پیچھے سے نہیں ہیں اور ہمیں اس پوٹنشل سے ذیادہ سے ذیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فیسٹول کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال منظور احمد افریدی نے کہاکہ فیسٹول میں مقامی کھلاڑیوں کواپنے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور دوسرے جوانوں کو ترغیب دینے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ مقامی ثقافت کی پروموشن بھی اس فیسٹول کا حصہ ہے جس میں ضلع بھر سے نوجوان جوق درجوق شرکت کررہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد انوار الحق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فیسٹول منگل کے روز بھی جاری رہے گا۔