چترال (نمائند ہ چترال میل) چترال شہر کے ویلج کونسل شیاقوٹک کے دو مختلف مقامات پر اتوار کے روز منعقدہ شمولیتی تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے درجنوں کارکنوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اعلان کردیا جنہیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی وزیر زادہ نے پارٹی کی ٹوپی پہناکر خوش آمدید کیا۔ پنجی کوٹی اور شاقوٹک میں تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہاکہ ضلعے کے طول وعرض میں پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے پی پی پی، جماعت اسلامی، جے یو آئی اور مسلم لیگ جھاڑو پھیر مہم کی زد میں آکر ختم ہورہے ہیں اور ان پارٹیوں کے بڑے بڑے رہنما ؤں کو آنے والی بلدیاتی انتخابات میں اپنی ضمانتیں بچانے کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی صف میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی ہی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جوکہ اس دھرتی سے مخلص ہے اور ماضی میں نظر انداز کردہ علاقوں کو سب سے ذیادہ توجہ دینے والی جماعت بھی یہی ہے جس کا ایک مثال چترال ہے جہاں منتخب نمائندہ نہ ہونے کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے اس خطے کو اپنے دل کے قریب سمجھااور وزیر اعلیٰ محمود خان دل کھول کر چترال کو ترقیاتی فنڈز دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چترال کی تاریخ میں بڑے بڑے ترقیاتی کام بھی اس دورمیں ہورہے ہیں جبکہ دیہی سطح پر مسائل کے حل کا سلسلہ بھی اس دورمیں شروع ہوا ہے جبکہ ہم نے کبھی بھی پارٹی اور علاقے کی بنیاد پر کام نہیں کیا اور سب کو ایک نظر سے دیکھنے کی کوشش کی اور چترال کا منتخب ایم پی اے اپوزیشن سے تعلق رکھنے کے باوجود انہیں 60کروڑ روپے کی ترقیاتی فنڈز دے دئیے گئے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدواروں کی جیت سے علاقے میں علاقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا کیونکہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے کامیاب امیدوار کچھ بھی ڈیلیور نہیں کرپائیں گے اور یہ بات بھی حقیقت ہے کہ اس سطح کے الیکشن میں اپنے علاقے کی ترقی کو مدنظر رکھ کر ووٹ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علاقے کے معروف شخصیت تاج الدین جگر کا اپنے خاندان اور دوست احباب کی ایک وسیع حلقے کو لے کر پی پی پی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اس علاقے میں بڑی تعداد میں شمولیت پارٹی کے لئے نیک شگون اور پارٹی کے نامزد امیدوار برائے ویلج کونسل فخر الاعظم کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عبداللطیف اور الحاج رحمت غازی خان نے کہاکہ کرپشن کی بیخ کنی کرنے پر اسٹیٹس کو کی قوتیں اکھٹی ہورہی ہیں تاکہ وہ ان کی کرپشن سے پردہ نہ اٹھ سکے اور مستقبل میں بھی انہیں دل کھول کر ملک کو لوٹنے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی صرف ان کو نظر آسکتی ہے جوآنکھیں کھول کر دیکھ لے اور ساتھ عقل کی استعمال میں بخل سے کام نہ لے۔ انہوں نے آنے والی بلدیاتی انتخابات میں چترال میں پی ٹی آئی کو تاریخی کامیابی دلانے کے لئے عوام پر زور دیا۔