چترال (نما یندہ چترال میل) پاترپ فاؤنڈیشن اور وش انٹرنیشنل کی مشترکہ کاوش کے نتیجے میں چترال کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا جدید ترین آپریشن تھیٹر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے احاطے میں پایہ تکمیل کو پہنچنے کے بعد باضابطہ طور پر ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کردیا گیا۔ گزشتہ روز منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر لویر چترال حسن عابد کی موجودگی میں سینئر کنسلٹنٹ شہزادہ پرویز، پراجیکٹ کوآرڈینیٹرز سجاد سدھیر اور ناصر خان نے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر شمیم کو آپریشن اور فرنیچر سمیت دیگر سازو سامان کی منتقلی کے دستاویز پیش کئے۔ اس منصوبہ پر 5لاکھ 25ہزار یورو خرچ ہوئے اور دو سال کی قلیل مدت میں 14مربع فٹ پر مشتمل یہ دو منزلہ عمارت مکمل ہوئی۔ ڈی سی لویر چترال حسن عابد نے جدید ترین آپریشن تھیٹر کو چترالی عوام کے لیے ایک عظیم تخفہ قرار دیا جس کی شدید ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس سہولت کی فراہمی کے بعد مریضوں کی بڑی تعداد کو سرجری کے لئے پشاور جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ڈاکٹر شمیم نے کہا کہ 1984ء میں کو قائم ہونے کے بعد اس ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں کوئی توسیع یا اضافہ نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس ہسپتال میں سالانہ 39 ہزار کے لگ بھگ مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔