محکمہ صحت میں گڈ گورننس اصلاحات کے تحت اعلیٰ عہدوں پر تقرر کے لیے تین سطحی پلیسمنٹ کمیٹیاں قائم تعیناتی میرٹ کی بنیاد پر ہو گی۔ ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔ سیکرٹری صحت کا مراسلہ

Print Friendly, PDF & Email

پشاور (نما یندہ چترال میل) خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت میں اعلیٰ عہدوں کے لیے قابل افسران کی تلاش اور میرٹ پر مبنی تعیناتی کے لیے تین سطحوں پر مشتمل پلیسمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی بھی وضع کر دی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے سیکرٹری صحت طاہر اورکزئی کے دفتر سے منگل کے روز تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو جاری ایک مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے عوام کو بہتر صحت سہولیات کی فراہمی اور بہتر نظام صحت کے لیے گڈ گورننس اصلاحات کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا کردار انتہائی اہم ہے اور بطور آپریشنل آفیسرز ان پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ سیکرٹری صحت کے دفتر سے جاری مراسلے میں مزید کہا گیا کہ اصلاحات کے عمل کو جاری رکھتے ہوئے محکمے میں ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی وضع کرنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ عہدوں پر تعیناتی کے لیے محکمہ کے اندر قابل افسران کی تلاش اور میرٹ پر مبنی تعیناتی کے لیے تین سطحوں پر مشتمل پلیسمنٹ کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا کہ ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس مختلف کے پی آئیز پر اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں جس سے نہ صرف صوبے میں ہیلتھ کیئر سسٹم بہتر ہو گا بلکہ ان کی کارکردگی رپورٹس بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی آئندہ ایسے انتظامی عہدوں پر تعیناتی کے امکانات میں بھی اضافہ ہوگا۔