گرم چشمہ (نمائندہ چترال میل) این ایچ اے کے کنٹریکٹر، اسٹاف اور لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کے رضاکاروں نے ایک ہفتے دن رات لگاتار کام کرکے گرم چشمہ روڈ پرچار خستہ حال پلوں کی مرمت کا کام مکمل کرلیاہے۔ آج شام اوچو پل کی مرمت کاکام بھی مکمل کرلیا گیا اس خوشی میں علاقے کے عوام اور لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم (ایل ڈی ایف) کے ممبران کی جانب سے ان کے اعزاز میں نئے مرمت شدہ اوچو پل پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے اپنے خطاب میں لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کیعبوری کنونئیر قیمت خان نے کہا کہ لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کی دعوت پر ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن صاحب کا گرم چشمہ کا دورہ انتہائی اہم اور علاقے کے لئے مثبت رہا۔ ایم پی اے نے علاقے کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے این ایچ اے حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے پر آمادہ کیا اور گزشتہ کئی دنوں سے ایم پی اے صاحب گرم چشمہ روڈ کے خستہ حال پلوں کی مرمت کے سلسلے میں انتہائی موثر کردار ادا کررہے ہیں۔ جس کی وجہ آج ان کی آمد کے ایک ہفتے بعد گرم چشمہ روڈ پر موجود چار انتہائی خستہ حال پلوں کی مرمت کا کام مکمل ہوگیاہے۔ اس تیز رفتاری سے گرم چشمہ روڈ پر کام تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا ہے۔ اس لئے لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کے کنوئنر کی حیثیت سے علاقے کی نمائندگی کرتے ہوئے ایم پی اے صاحب، این ایچ اے اور ایل ڈی ایف کے تمام رضاکاروں کا انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے ان خستہ حال پلوں کی مرمت میں بہترین کردار ادا کیا۔ ہم مولانا ہدایت الرحمن صاحب، این ایچ اے اور لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کے تمام رضاکاروں سے آئندہ اسی انداز میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبیدار امیر اللہ نے کہا کہ بروقت اور بہترین طریقے سے کام کرنے پر میں ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن صاحب، این ایچ اے کے تمام ذمہ داروں، کنٹریکٹر اور نصرت الہی صاحب کا انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے گرم چشمہ کے عوام کے مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان چار پلوں کی مرمت کا کام انتہائی سرعت سے کروایا۔ ان پلوں کی تعمیر کے بعد گرم چشمہ کے عوام اپنی آلو کی فصل بروقت منڈی تک پہنچانے میں کامیاب ہوں گے جو کہ علاقے کے عوام کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی اے صاحب نے لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کی دعوت پر گرم چشمہ تشریف لائے وہ اپنی جگے پر ایک مدبرانہ فیصلہ تھا ان کی آمد کو ممکن بنانے پر میں نصرت الہی صاحب اور ایل ڈی ایف کے تمام ممبران کا مشکور ہوں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر ایل ڈی ایف کا ممبر ہوں اور اس فورم کے کام کرنے کے انداز سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ پلوں کی تعمیر میں ایل ڈی ایف کے ممبران نے جس جان فشانی سے کام کیا ہے میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ علاقے میں ہونے والے تمام تعمیراتی کاموں کی نگرانی ایل ڈی ایف کو سونپ دی جائے تاکہ معیار بھی برقرار رہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو بھی فروغ ملے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نصرت الہی نے کہا کہ این ایچ اے کے اے ڈی صاحب اور کنٹریکٹر نے جو کام ایک ہفتے کے اندر کیا ہے وہ دوسرے ذمہ دار ادارے سالوں میں نہیں کرپاتے۔ ہم این ایچ اے کے آنے کے بعد گومگو کی کیفیت میں تھے کہ پتہ نہیں ان کے کام کرنے کا انداز کیا ہوگا مگر ہمارا ان کے ساتھ پہلا تجربہ ہی بہترین رہا ہے۔جس کے لئے میں اپنی طرف سے، علاقے کے عوام اور ایل ڈی ایف کے ممبران کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ایم پی اے صاحب پورے چترال کے نمائندے ہیں وہ لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کی دعوت پر گرم چشمہ تشریف لائے۔ ایل ڈی ایف نے ون پوائنٹ ایجنڈا ”گرم چشمہ روڈ کی مرمت“ ان کے سامنے رکھا۔ یہاں سے رخصتی کے بعد ایم پی اے صاحب مسلسل اسی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ پلوں کی مرمت اپنی جگہ، گرم چشمہ روڈ میں مزید بہتری اور کام ہوتا ہوا آپ سب کو آئندہ چند دنوں میں نظر آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ایل ڈی ایف کی نمائندگی کرتے ہوئے ان تما م رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی بساط کے مطابق پلوں کی تعمیر کے لئے کام کیا۔ آج یہاں یہ بات بھی بتانا ضروری ہے کہ آئندہ سے ہم لٹکوہ والے صرف اس شخص کا شکریہ ادا کریں گے جو علاقے کی بہتری اور مسائل کو حل کرنے میں کردار ادا کرے گا۔ ہم ہراس شخص کو ہار پہنانے اور اس کے لئے زندہ باد کے نعرے لگانے کے لئے تیار ہیں جو علاقے کی بہبود کے لئے کام کرے مگر یہ زندہ باد کے نعرے اور شکریے کے ہار اس وقت پہنائے جائیں گے جب ترقیاتی کام اپنے تکمیل کو پہنچے۔ تاجر یونین کے نمائندے نوح احمد نے کہا کہ ہم این ایچ اے کے کنٹریکٹر کے انتہائی مشکور ہیں کہ انہوں نے بہت کم عرصے میں پلوں کی معیاری مرمت کو یقینی بنایا ہم آئندہ بھی ان سے یہی توقع رکھتے ہیں۔ناظور شاہ چیئرمین گاڈو اور ایل ڈی ایف کے ممبر نے کہا کہ یہ خوش قسمتی ہے کہ گرم چشمہ روڈ این ایچ اے کے حوالے کیا گیا ہے اور این ایچ اے کے ٹھیکہ داروں نے لٹکوہ ڈیویلپمنٹ کے ہر ممبر کی بات توجہ سے سنی ہے، جس کی وجہ سے معیار بھی بہترین رہا اور بروقت کام پورا ہوا۔ میں ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن، این ایچ اے کے ذمہ داروں، کنٹریکٹر اور ایل ڈی ایف کے تمام رضاکاروں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔این ایچ اے کے کنٹریکٹر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج سے پہلے جہاں بھی کام کیا بہترین کام کرنے کی کوشش کی مگر لٹکوہ ڈیویلپمنٹ فورم کے رضاکاروں کی طرح بہترین لوگ ہر جگہ دستیاب نہیں ہوا کرتے۔ ایل ڈی ایف کے رضاکار ہر وقت ہر پل پر ڈیوٹی دیتے ہیں، کام کے معیار پر کسی صورت کمپرومائز نہیں کرتے مگر رضاکارانہ طور پر ہر کام کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ اگر ایل ڈی ایف کے رضاکار نہیں ہوتے تو شاید ان پلوں کی تعمیر اتنی جلدی ممکن نہیں ہوتی۔ میں آئندہ بھی آپ لوگوں سے یہی توقع رکھ رہا ہوں آپ لوگ میرا ساتھ دیں گے تو میں سالوں کا کام دنوں میں مکمل کرکے دینے کو تیار ہوں۔تقریب کے آخر میں نظار شاہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم ایم پی اے، این ایچ اے کے اسٹاف، کنٹریکٹر اور ایل ڈی ایف کے تما م رضاکاروں کے انتہائی مشکور ہیں کہ وہ دن رات ایک کرکے ایک ہفتے میں چار پل وہ بھی معیاری تعمیر کرکے علاقے کے عوام کے مسائل میں کمی لانے کا سبب بنے۔ یہاں ہم بتانا ضروری سمجھتے ہیں کہ این ایچ اے کے ذمہ داروں کو جب بھی ضرورت پڑی ایل ڈی ایف کے رضاکار ہمیشہ موجود رہیں گے ہم جس طرح کام کرنے کو تیار ہیں اسی طرح غیر معیاری کام رکوانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
تازہ ترین
- مضامینداد بیداد۔۔10بجے کا مطلب۔۔ڈاکٹر عنا یت اللہ فیضی
- ہوملوئر چترال پولیس کی کامیاب کاروائی 2444 گرام چرس برامد
- ہومٹریفک ڈرائیونگ سکول میں باقاعدہ کلاسز کا آغاز۔لوئر چترال پولیس کا ایک اور احسن اقدام
- ہومونڈز ایگل مارخور پولو ٹورنامنٹ سیزن ون اپنی تمام تر رعنایوں کے ساتھ چترال کے تاریخی پولو گراونڈ (جنالی) میں شروع
- ہومپولیس خدمت مرکز زارگراندہ میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا۔ چترال پولیس
- ہوماپر چترال کی تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی تنظیموں نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند اہالیان تورکھو کے ساتھ ان کے احتجاج میں شریک ہوکر انتظامیہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا
- مضامینداد بیداد۔۔روم ایک دن میں نہیں بنا۔۔ڈاکٹر عنا یت اللہ فیضی
- ہوممعروف عالم دین اور مدرسہ امام محمد کراچی کے مہتمم قاری فیض اللہ چترا لی کی طرف سے میٹرک کی ضلعی سطح پر ٹاپ تھیر پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء طالبات میں وظائف اور اقراء ایوارڈ کی تقسیم
- مضامیندھڑکنوں کی زبان ۔۔”بین السکول کھیلوں کے مقابلے اور محکمہ تعلیم اپر چترال”۔۔محمد جاوید حیات
- مضامیندھڑکنوں کی زبان۔۔۔”آج کل کا استاذ اور اس کی ذمہ داریاں “۔۔۔محمد جاوید حیات