ہفتہ اور اتوارکی رات سے اپر اور لوئر چترال میں چلنے والی برفباری وقفے قفے سے جاری، لواری ٹنل کے چترال سائڈ پر 9انچ برف پڑی۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نما یندہ چترال میل) ہفتہ اور اتوارکی رات سے اپر اور لوئر چترال میں چلنے والی برفباری دن کے کچھ حصے میں بھی وقفے قفے سے جاری رہی۔ اور مجموعی طور پر دونوں اضلاع کے زیادہ تر علاقوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ اپر چترال کے مقامات یارخون، کھوت،لاسپور، ریچ،تریچ اور لوئرچترال کے کالاش ویلیز، شیشی کوہ، گرم چشمہ اور لواری ٹنل میں سب سے زیادہ برفباری ہوئی ہے۔ جبکہ لواری ٹنل پولیس کے مطابق ٹنل کے چترال سائڈ پر 9انچ برف پڑی ہے۔ایس ایچ او پولیس اسٹیشن عشریت قربان پناہ کے مطابق برفباری کی وجہ سے رات سے بند ٹنل روڈ کودونوں سائڈ سے برف ہٹا کر آمد رفت بحال کردی گئی ہے۔ تاہم لواری ٹنل کے راستے سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو بغیر سنو چین کے گاڑی نہ چلانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اُنہوں نے دروش تھانہ کو اطلاع دی ہے کہ وہ اڈہ میں ڈرائیوروں کو خبردار کریں۔ کہ وہ بغیر سنو چین کے سفر سے گریز کریں۔برفباری سے سردی میں اچانک اضافہ ہوا ہے۔ اور اکثر لوگوں کا خیال ہے۔ کہ قبل از وقت برفباری سے امسال چترال کی سردیاں طویل ہو سکتی ہیں۔ اور لوگوں کو کھانا پکانے اور تاپنے کیلِئے ایندھن کی زیادی ضرورت ہو سکتی ہے۔ اس لئے لوگوں کی مشکلات اور اخراجات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ کیونکہ جلانے کی لکڑی کی قیمت ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ جبکہ بیروزگاری اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافے کے باعث لوگوں کے چولہے پہلے ہی سے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ برفباری سے چترال کیان مقامات کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ جہاں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اور گذشتہ کئی عرصے سے بارشیں نہ ہونے کے باعث یہ علاقیگندم کی کاشت بھی نہیں کر سکے تھے۔ اب گندم کی بوائی اور پانی دینے میں باران رحمت کے ساتھ برف رحمت نے بڑا تعاون کیا ہے۔ خصوصا اورغوچ، بروز، سینگور، سوئر اور لاوی جیسے مقامات میں لوگ انتہائی پریشانی سے دوچار تھے۔ جنہوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔