چترال (نما یندہ چترال میل) ڈی پی او اپر چترال ذولفقار علی تنولی نے ضلعے کے حدود میں منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے سخت کریک ڈاؤن شروع کردی ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ ہفتے کے دوران مختلف مقامات سے بڑی مقدار میں منشیات برامد کرلی گئیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن بونی کے ایس ایچ او خلیل الرحمن نے ڈی پی او کی خصوصی ہدایت پر کاروائی کرتے ہوئے 32030 گرام چرس 8لیٹر شراب برامد کرکے پانچ ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جن میں امین الدین ولد عجب خان ساکنہ چمرکن، زبیر امان ولد زرم خان ساکن چرون اویر، نور خان ولد بخت ساکن پرواک، شاہد احمد ولد فدا احمد ساکن استارو اور سردار عالم ولد سلطان محمد شامل ہیں۔ پولیس نے ان منشیات فروشوں کے قبضے سے ایک موٹر سایکل، ایک ٹوڈی گاڑی نمبرایک کرولا کار اور سمگلنگ کے زریعے حاصل کردہ رقم مبلغ 28000روپے قبضہ پولیس میں کرکے ملزمان کو گرفتار کرکے بحکم عدالت پانچ ملزمان کو جوڈیشل حوالات بھیجوایا ہے۔ درین اثناء ڈی پی او اپر چترال ذولفقار تنولی نے کہا ہے کہ اس ضلعے میں منشیات اور منشیات فروشوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے اور اس گھناونے جرم میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا تاکہ آئندہ نسل اس تباہی سے محفوظ رہے۔