ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال میں گزشتہ کئی مہینوں سے کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والوں کے لئے ویکسین دستیاب نہیں،میڈیا سے گفتگو

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چترال میں گزشتہ کئی مہینوں سے کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والوں کے لئے ویکسین دستیاب نہیں ہیں جبکہ ہسپتال میں ایسے زخمیوں کو بازار سے یہ قیمتی ویکسین خریدنے کا مشور ہ دیا جاتا ہے۔ گولین وادی سے تعلق رکھنے والے عبدالرؤف نے چترال پریس کلب میں میڈیاکو بتایاکہ انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں بتایاگیاکہ ویکسین ہسپتال میں دستیاب نہیں ہے اور انہیں بازار سے خریدنے کا کہا گیا جبکہ بازار کے ایک میڈیکل اسٹور سے ایک وقت کا ڈوز 1200روپے میں ملا جبکہ یہ ان کی مالی استطاعت سے باہر ہے۔ا نہوں نے کہاکہ ہسپتال کا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عوام سے ملنے اور ان کی شکایت سننے سے بھی انکاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ سندھ میں انٹی ریبیز ویکسین کی عدم دستیابی پر بلاول بھٹو پر تنقید کرنے والوں کے اپنے صوبے میں بھی یہ دوائی ناپیدہے اور غریب کو پانچ ہزار روپے اپنی جیب سے ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ جب ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اکبر شاہ سے ان کی رائے جاننے کے لئے فون کیاگیا تو انہوں نے ویکسین کی عدم دستیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ یہ عنقریب مہیا کئے جائیں گے۔