آغاخان ہائیر سیکنڈری سکول سین لشٹ میں جشن آزادی کی رنگارنگ تقاریب اختتام پذیر

Print Friendly, PDF & Email

چترال ( نمائندہ چترال میل )گذشتہ سالوں کی بہ نسبت اس سال پاکستان کا ۷۲واں یوم آزادی آغاخان ہائیر سیکنڈری سکول سین لشٹ چترال میں منفرد انداز میں نہایت جوش و خروش اورشان و شوکت سے منایا گیا۔جشن کا سلسلہ پورا مہینہ جاری رہا، اس دوران طلبہ نے کلاس روم اور سکول کے احاطے کو خوبصورت جھنڈوں،چارٹ اور آرائش و زیبائش کے دیگر سامانوں سے سجائے۔ اے کے ایچ ایس ایس کلب اینڈ سوسائیٹیز کی طرف سے ہر کلاس میں مختلف رنگا رنگ تقریبات اور مقابلوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔اس سال جشن آزادی تھیم “ہم سب کا پاکستان” تھا۔ سکول کے اندر تمام سرگرمیاں اس تھیم کے مطابق سرانجام پائیں۔جن میں اردو انگریزی تقاریر، اردو اور انگریزی مضمون نویسی،ملی نعمے،مباحثے،چارٹ ورک،کمرۂ جماعت کی سجاوٹ کے مقابلے شامل تھے۔ ان مقابلوں میں ہائیر سیکنڈری سطح پرفصیح نے اردو تقریر میں پہلی پوزیشن اوربشارت بابر انگریزی تقریر ی مقابلے میں اول قرار پائے۔سیکنڈری لیول پر اردو تقریر میں امداد اللہ پہلی پوزیشن حاصل کی اور انگریزی تقریر میں سید شاداب علی شاہ بہترین مقرر قرار پائے۔ ملی نعمہ سرائی کے مقابلوں میں عرفان علی گروپ اور عابد الرحمن نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انگریزی مباحثے میں گرید فرسٹ ائیر کی کلاس اول پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح کلاس ڈیکوریشن کے مقابلے میں کلاس سیکنڈ ائیر اؤل آئی۔

ان تمام سرگرمیوں کی اختتامی تقریب 30 اگست 2019 کو سکول کے مین ہال میں منعقدہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک،نعت رسول مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوئی، اسکول کے کاؤنسلر محمد جلال الدین نے اختتامی تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کی تقریبات کی ان تمام سرگرمیوں کا بنیادی مقصد طلباء کے اندر قومی جذبہ اور وطن سے محبت کے جذبات کو ابھارنا تھا، اور بچوں کے لیے ایسے مواقع پیدا کرنا تھا جو کہ طلبہ کے ہولیسٹیک ڈیویلپمنٹ میں مددگار ثابت ہو اور بچے ان سرگرمیوں کے ذریعے اپنی پوشید ہ صلاحیتوں کو سامنے لاسکیں۔

علاوہ ازین نیشنل کریکولم میں درج مطالعہ پاکستان کے عنوانات کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے مقاصد کے ساتھ مربوط کرکے بچوں سے مطالعہ کروانا تھا جو کہ نہ صرف نصاب کی تکمیل میں مدد گار ثابت ہوا بلکہ طلبہ میں بین الاقوامی سطع کے رجحانات،تصورات اور مسائل سے بھی آگاہی حاصل ہوئی۔

اس تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ پروفیسر چترال یونیورسٹی بشارت حسین اور صدارت کے فرائض جناب ریاض حسین صدر اسماعیلی کونسل لوئر چترال نے سر انجام دی۔ مہمان خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بہت چیلنجز کا سامنا ہے،نئی نسل پر لازم ہے کہ وہ اپنی غلطیوں کا ازالہ کر کے شعوری طور پر محنت و لگن سے آگے بڑھیں۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر محفل جناب ریاض حسین نے کہا کہ پاکستان میں مخلص لیڈر شپ کی کمی ہے، آنے والا وقت نئی نسل کے ہاتھوں میں ہے کہ تعلیم سے بہرہ ور ہو کر ملک وقوم کی خدمت کر سکیں۔ آخر میں سکول ہذاکے پرنسل طفیل نواز نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور اساتذہ اور طلباء کی کاوشوں کو سراہا اور شاباش دی۔