جشن کمراٹ اور بروغل فیسٹول پورے جوش وجذبے کیساتھ منایا جائیگا۔ سینئر وزیر برائے سیاحت محمد عاطف خان

Print Friendly, PDF & Email

خیبر پختوخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت محمد عاطف خان نے جشن کمراٹ اور بروغل فیسٹول کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جشن کمراٹ کو اس سال پورے جوش وجذبے کیساتھ منایا جائیگا جس سے دنیا کو ایک مثبت اور امن کا پیغام دینا ہے۔جشن کمراٹ 24 سے 26 اگست تک منایا جائیگا۔فیسٹول میں میوزیکل نائٹ اور فائر ورکس سمیت مقامی ثقافت کو پیش کیا جائیگا۔اس حوالے سے سینئر وزیر کی زیر صدارت ایک اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جشن کمراٹ، بروغل اور کیلاش اچاو فیسٹول کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری سیاحت کامران رحمان، ایڈیشنل سیکرٹری بابر خان اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم جنید خان سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ سینئر وزیر کو تینوں فیسٹول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سینئر وزیر نے کہا کہ جشن کمرا ٹ پورے جوش وجذبے کیساتھ منایا جائیگا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو جشن کمرا ٹ کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ سینئر وزیر نے کہا کہ جشن کمرا ٹ سے پوری دنیا کو ایک پسماندہ علاقے سے مثبت اور امن کا پیغام دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمراٹ ایک نیا سیاحتی مقام ہے جہاں جوق در جوق سیاح جاتے ہیں۔کمراٹ میں بنیادی سہولیات سمیت سیاحوں کی آسانی کے لئے تمام سہولیات فراہم کی جائیگی۔کمراٹ کے علاوہ دیر میں مزید نئے سیاحتی مقامات کی تلاش بھی جاری ہے جو بہت جلد دریافت کرکے ترقی دی جائیگی۔ سینئر وزیر نے بروغل اور اچاو فیسٹول کے لئے بھی بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں نئے سیاحتی زونز،ریسٹ ہاوسز،ایڈونچر ٹورازم سمیت سیاحتی مقامات پر دیگر سہولیات کے حوالے سے بھی بحث ہوئی۔