کمشنر ملاکنڈ کی مداخلت سے اختلافات ختم، شہزادہ سکندر الملک چترال اے ٹیم کے کیپٹن مقرر

Print Friendly, PDF & Email

ٍچترال (نمائندہ چترال میل) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود کی کوششوں سے ضلعی انتظامیہ اور پولو ایسوسی ایشن کے درمیان چپقلش ختم ہونے کے نتیجے میں جشن شندور اب روایتی جوش وخروش اور شایان شان طریقے سے منانے کی راہیں ہموار ہوگئیں جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز جوش و خروش سے حصہ لیں گے جبکہ چترال کی تمام پولو ٹیمیں پہلے کی طرح شندور کے میدان میں گلگت بلتستان کے ساتھ مقابلے پر اتر آئیں گے۔ جمعرات کے روز ڈی سی چترال کے دفتر میں کمانڈنٹ چترال سکاوٹس کرنل معین الدین، ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود، ڈی پی او چترال فرقان بلال اور پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندر الملک کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ شندور میں چترال کی نمائندگی کے لئے کھلاڑیوں کی نامزدگی میں پائی جانے والی تحفظات دور کی گئی ہیں جس کے نتیجے میں تمام اختلافات دور ہوگئے ہیں اور اب ایک پلیٹ فارم کے تحت متحد ہوکر جشن شندور منائیں گے جوکہ بین الاقوامی طور پر شہرت اختیار کرگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس دفعہ شندور فیسٹول میں وزیر اعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف کی شرکت بھی متوقع ہے جس سے اس میلے کی رنگینیوں میں اور بھی اضافہ ہوگا۔ کمشنر ملاکنڈ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولو ایسوسی ایشن کے درمیاں پائی جانے والی اختلافات معمولی نوعیت کے تھے جوکہ غلط فہمی کا نتیجہ تھا جبکہ کسی علاقے میں تعینات افسران اس علاقے سے گہری وابستگی اور لگاؤ رکھتے ہوئے اس علاقے کی بہتری کے لئے ہی سوچتے ہیں اور چترال میں ضلعی انتظامیہ نے بھی اسی بنا پر کام کیا جس کے نقطہ نظر سے اختلاف تو کیا جاسکتا ہے لیکن نیت پر شک نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ کے لئے جشن شندور کے لئے کھلاڑیوں کے چناؤ کے لئے باقاعدہ منتخب باڈی بنائی جائے گی جس کے ٹرمز آف ریفرنس ہوں گے جس کے تحت چناؤ کا عمل طے ہوگا جس سے کسی کو اختلاف کرنے کی گنجائش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ جشن شندور میں پولو کے علاوہ لوکل میوزک اور ڈانس کے علاوہ سلطان گولڈن کے شو، پیر اگلائیڈنگ اور دوسرے رنگارنگ پروگرامات ہوں گے۔ کمشنر ملاکنڈ نے چترال کے اے ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان کیا جس میں شہزادہ سکندر الملک ٹیم کپتان)، اسرار ولی، شہزاد احمد، اظہار علی خان، معراج الدین، امیر حمزہ، فیروزعلی خان اور عرفان علی شامل ہیں جبکہ بی ٹیم میں علی قلی خان (ٹیم کپتان) کے ساتھ ضیاء الرحمن، محمد رضا خان، ناصر اللہ خان، اشفاق احمد، اصغر حسین، مقصود الرحمن، شاہ ولی اور الحاج الرحمن شامل ہیں۔اس موقع پر پولو ایسوسی ایشن کے صدر سکندر الملک نے کمشنر، کمانڈنٹ، ڈی سی چترال اور ڈی پی او کا شکریہ ادا کیا۔