لیژر لیگس چترال کپ 2018اختتام پذیر؛ ہیڈکوارٹر کلب چترال فاتح ٹھری

Print Friendly, PDF & Email

دروش (نمائندہ چترال میل) لیثر لیگس پاکستان کے زیر اہتمام چترال کپ 2018شاندار طور پر اپنے اختتام کو پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق لیژر لیگس پاکستان نے آئیڈیل کلب دروش کی معاؤنت سے کرنل مراد اسٹیڈئم دروش میں چترال کپ 2018؁ء کا انعقاد کیا جسمیں ضلع بھر سے 24ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس شاندار ٹورنمنٹ کا فائنل مقابلہ ہیڈ کوارٹر فٹبال کلب جغور چترال اور ہمقدم فٹبال کلب جغور چترال کے درمیان کھیلا گیاجسمیں ہیڈ کوارٹر کلب نے صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے کامیابی حاصل کرکے چترال کپ کا فاتح ٹھری۔ ہیڈ کوارٹر کلب کی طرف سے ٹیم کیپٹن اسمٰعیل اور احتشام نے گول سکور کئے۔ ضلع نائب ناظم چترال مولانا عبدالشکور فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مقامی عمائدین، مختلف علاقوں سے آئے ہوئے تماشائی کرنل مراد اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور نے لیژر لیگس کی طرف سے آئیڈیل کلب معاؤنت سے ایک شاندار ٹورنمنٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اسے نوجوانوں کے لئے ایک اچھا موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے ضلعی حکومت ضلع بھر میں کھیلوں اور نوجوانوں کی سرپرستی کر رہی ہے اور ہم نوجوانوں کے مسائل سے بالکل غافل نہیں ہیں۔ مہمان خصوصی نے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے دونوں ٹیموں کو مبارکباد دی اور اپنی طرف سے فاتح ٹیم کو 15ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم کو دس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اگلے موسم بہار میں دروش میں ڈسٹرکٹ لیول ٹورنمنٹ منعقد کرانے بھی اعلان کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی مولانا عبدالشکور نے ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر اسرار احمد، مقامی عمائدین قاری جمال عبدالناصر، ارشاد مکرر، ممبر تحصیل کونسل قسوراللہ قریشی، ویلج ناظمین ناصر الدین، وقار احمد اور ایس ایچ او دروش ناصر احمد کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ ہیڈ کوارٹر فٹبال کلب کے ٹیم کیپٹن اسمٰعیل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ آئیڈیل فٹ بال کلب کے امان الحق کو ٹورنمنٹ کا ٹاپ اسکور کی ٹرافی دی گئی۔
یاد رہے کہ لیژر لیگس (Leisure Leagues) فٹبال کی ترقی کے لئے کام کرنے والا ایک عالمی ادارہ ہے جوکہ 2016سے پاکستان میں بھی اپنی سرگرمیوں کا آغاز کر چکا ہے۔ اسی ادارے کی کوششوں کی بدولت اس سال پاکستانی کلب نے پرتگال میں منعقد ہونے والے منی ورلڈ کپ میں حصہ لیا جو کہ پاکستانی فٹ بال کی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ ہے۔ اب چترال میں لیگ مقابلے شروع ہونے سے چترال کے کلبوں اور کھلاڑیوں کے لئے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مواقع میسر آئینگے۔ لیژر لیگ نے چترال کے لئے شہزادہ حشام الملک اور کمال عبدالجمیل کو اپنا برانڈ ایمبیسڈرز مقرر کیا ہے اور دروش میں منعقد ہونے والا شاندار ٹورنمنٹ برانڈ ایمبیسڈرز کی سرپرستی میں آئیڈیل کلب کے تعاؤن سے منعقدکیا گیا۔