ہنجیل کے مقام پر برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے کریم آباد روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) ہنجیل کے مقام پر برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے کریم آباد روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے جس سے مسافروں اور خصوصاً بیماروں، ضعیف افراد، خواتین اور بچوں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا ہے جنہیں کئی کلومیٹر پید ل چلنا پڑرہا ہے۔ پیر کے روز کریم آباد سے ضلع کونسل کے رکن محمد یعقوب نے ٹیلی فون کے ذریعے چترال پریس کلب میں مقامی میڈیا کو بتایاکہ موٹر گاڑیوں کی آمدورفت بند ہونے کی وجہ سے کریم آباد ویلی کی دو ویلج کونسلوں کا رابطہ منقطع ہوکر رہ گئی ہے جہاں اشیائے خوردونوش کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے جبکہ شدید بیماری کی صورت میں بیماروں کو ہسپتال منتقل کرنا بھی ناممکن ہوکر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کریم آباد روڈ کی تعمیر 1980ء کی دہائی میں ڈسٹرکٹ کونسل نے کی تھی اور اس کی دیکھ بھال کا کام بھی ان کے ذمے تھا۔ انہوں نے کہاکہ علاقے کے عوام نے کریم آباد روڈ کو سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کرانے کے لئے ایک عرصے سے جدوجہد میں مصروف ہیں لیکن ان کی شنوائی نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے ایسے حالات رونما ہوتے ہیں جب ایک ہفتہ گزرجانے کے باوجود سڑک کی بحالی نہیں ہوئی۔