پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کے سینئر جنرل منیجر شہریار عمر نے کہا ہے کہ چترال میں پٹرول پمپ مالکان کے جملہ مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل)پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کے سینئر جنرل منیجر شہریار عمر نے کہا ہے کہ چترال میں پٹرول پمپ مالکان کے جملہ مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے جن میں ان کو تیل کے حصول کے لئے کریڈٹ کی حدمیں کاروبار کے حجم کے مطابق اضافہ کرنا، پٹرول پمپوں کے رجسٹریشن کی منتقلی کے کام کو سہل بنانا اور پمپوں کی اپ گریڈیشن شامل ہیں۔ اتوار کے روز چترال میں پٹرول پمپ مالکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کیرج کے کرایوں کی ادائیگی میں تاخیر کو دور کرنے اور اسے تیز تر بنانے کے لئے بھی نظام وضع کیا جارہا ہے تاکہ اس پسماندہ اور دورافتادہ ضلعے میں پٹرول پمپ مالکان دلجمعی سے کام کرسکیں۔ انہوں نے پٹرول پمپ مالکان پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے پٹرول پمپوں میں صفائی کا اعلیٰ معیار قائم رکھیں اور بنیادی سہولیات کسٹمروں کو مہیاکریں جبکہ کریڈٹ کی فراہمی میں صفائی کے معیار کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ اس موقع پر پی ایس او کے دیگر افسران میں جنرل منیجر عمران اللہ خان، ڈپٹی جی ایم ندیم افریدی، ڈپٹی منیجر سہیل، سیلز افیسر ان معراج خان اور آصف خان اور انجینئر علی مراد، چترال ڈپو انچارج ناصر علی خان بھی موجود تھے۔ پٹرول پمپ مالکان کی طرف سے لیاقت علی، سابق ایم پی اے انور خان اور سابق ایم پی اے حاجی غلام محمد نے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔