ارندو گول کے مقام پر سرکاری پرائمری سکول کی عمارت کو بم کے ذریعے اڑانے کی کوشش

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) چترال کے جنوب میں پاک افغان سرحد پرواقع گاؤں ارندو گول کے مقام پر نامعلوم افراد نے ایک سرکاری پرائمری سکول کی عمارت میں بم کے ذریعے اڑانے کی کوشش کی جس سے سکول کے دونوں کمروں کونقصان پہنچاجن میں سے ایک کی دیواریں چھت سمیت گرگئے۔ واقعہ اتوار کے دن علی الصبح ساڑھے چار بجے کے قریب پیش آیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سب ڈویژنل پولیس افیسر دروش اقبال کریم نے بتایاکہ پولیس کی نفری دھماکے فوراً موقع پر پہنچ گئے اور صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد واپس آرہے تھے کہ متاثرہ سکول کے قریب راستے پر ایک اور دھماکہ ہوا لیکن پولیس کے نفریوں کا راستہ بدلنے سے بچ گئے۔ ایس ڈی پی او اقبال کریم کا کہنا تھاکہ متاثرہ سکول بارڈر سے صرف آدھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جس کی وجہ سے افغانستا ن سے تخریب کار رات کی تاریکی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ کاروائی کرلی ہے کیونکہ دن کے وقت پاک فوج اور پولیس کی طرف سے مکمل نگرانی کی وجہ سے بارڈر عبور کرکے ارندو میں داخل ہونا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے یہ خیال بھی ظاہر کیا کہ سکول اور بارڈر کے درمیان راستہ فاصلہ کم ہونے کی وجہ سے تخریب کار دن کی روشنی پھیل جانے سے پہلے ہی سرحد پار کرجانے میں کامیاب ہوگئے۔